پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے ،عامرخان

ہفتہ 19 دسمبر 2015 12:31

پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے ،عامرخان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19دسمبر۔2015ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے ،پاکستان کا مثبت تاثر دنیا بھر میں اجاگر کرتا رہوں گا، اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس مذہب میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کیلیے ایک محفوظ ملک ہے، میں دنیا میں اس کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم رہتا ہوں۔

انھوں نے بتایا کہ آئندہ سال میرا بھائی ہارون خان پاکستان آکر باوٴٹ میں حصہ لے گا، ملک میں لامحدود ٹیلنٹ موجود مگر اسے نکھارنے کی ضرورت ہے، میں پاکستانی باکسرزکا ٹیلنٹ دنیا بھر کے سامنے لاوٴں گا جس کے لئے میری خدمات ہمیشہ حاضر ہیں، ملک کو جب بھی میری ضرورت ہو گی فورا چلا آوٴں گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر عامر خان نے کہا کہ میں آئندہ سال مارچ میں شیڈول ورلڈ باکسنگ باوٴٹ میں کامیابی کے لیے انتہائی پْر امید لیکن اس کے باوجود حریف کو آسان نہیں سمجھتا، خواہش ہے کہ میری فائٹ پاکستان میں براہ راست دکھائی جائے۔

عامر خان نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، مجھے جب یہ ہولناک خبر ملی تو امریکا میں ایک ایونٹ کھیل رہا تھا لیکن فوری طور پر شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پشاور آنے کا فیصلہ کیا، بعض ساتھیوں نے نازک صورتحال کے پیش نظر جانے سے روکا لیکن اس سانحے پر میرا دل بہت دکھی تھا اس لیے خود کو روک نہیں پایا اور فوری طور پرپشاور پہنچ کر زخمی بچوں اور شہدا کے والدین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انھوں نے کہاکہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس مذہب میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔