برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے کرسمس کی مبارکباد کے ساتھ نئی تصویر جاری کردی

ہفتہ 19 دسمبر 2015 15:53

لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء ) برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین مڈلٹن نے کرسمس کے موقع پر اپنے چاہنے والوں کے لیے کرسمس کی مبارکباد کے ساتھ اپنے خاندان کی ایک نئی تصویر جاری کردی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شاہی محل کنسگٹن پیلس کی طرف سے گزشتہ روز جاری ہونے والی تصویر میں شہزادہ ولیم اور شہزادہ کیٹ اپنے دونوں بچوں تقریبا ڈھائی سالہ شہزادہ جارج اور سات ماہ کی شہزادی شارلٹ کے ساتھ مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

جب کہ کنسگٹن محل کے ٹوئٹر کے صفحے پر شاہی جوڑے کی فیملی تصویر کے ساتھ کرسمس کی مبارکباد کا ایک پیغام ٹویٹ کیا گیا ہے۔ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کی نئی تصویر ، ڈیوک اور ڈچز اور شہزادہ جارج اور شہزادی شارلٹ کی طرف سے میری کرسمس ۔

(جاری ہے)

یہ نئی تصویر شاہی فوٹو گرافر کرس جیلف نے کنسگٹن محل کے باغ میں اتاری ہے جسے شاہی خاندان کے افراد اور دوستوں کو بھجے جانے والے کرسمس کارڈ کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

شاہی محل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تصویر شاہی جوڑے نے ذاتی پسند سے کھنچوائی تھی لیکن انھوں نے یہ تصویر عوام کے لیے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ انھیں یہ تصویر بے حد پسند آئی ہے۔گزشتہ ماہ شہزادی کیٹ کی طرف سے ننھی شہزادی شارلٹ کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔ شاہی جوڑا ہرسال کی طرح ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے ساتھ سینڈر نگھم سٹیٹ میں کرسمس کی تعطیلات گزارے گا۔

ٹویٹ کی تفصیلات کے مطابق ڈھائی سالہ شہزادہ جارج جنوری کے مہینے سے ویسٹیکر مونٹیسوری سکول میں پڑھنے جائیں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ جارج جس پرائیوٹ سکول میں داخل کرائے گئے ہیں اس کی ایک روز کی فیس 33 پاونڈ ہے جو لندن میں واقع پرائیوٹ مونٹیسوری سکولوں کے مقابلے میں ایک سستا سکول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے بھی مونٹیسوری سکول میں تعلیم حاصل کی ہے جبکہ اس وقت ان کے سکول کی سالانہ فیس 780 پاونڈ تھی۔

متعلقہ عنوان :