وفاقی حکومت داعش کے حمایتیوں کے خلاف فوری کریک ڈاوٴن کرے،پیپلزپارٹی

مولانا عبدالعزیز کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود اسے گرفتار کرکے مقدمہ نہیں چلایا جارہا ،ارکان قومی اسمبلی

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی اور میر شبیر علی بجارانی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملکی سالمیت کے حوالے سے دو رخی پالیسی کو ختم کرے اور اسلام آباد میں موجود داعش کے حمایتیوں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاوٴن کا آغاز کرے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک نجی ٹیلی وژن نے لال مسجد کے پیش امام مولانا عبدالعزیز کے خلاف تھانے میں درج ایف آئی آر قوم کو دکھائیں لیکن وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قوم سے جھوٹ بولا کہ مولانا عبدالعزیز کے خلاف کسی تھانے میں کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم سے جھوٹ بولنے اور عوام کی منتخب کردہ پارلیمنٹ میں غلط بیانی کرنے پر چوہدری نثار آئین کی دفعات 63 اور 64 کے تحت امین اور صادق نہیں رہے ، لہٰذا وزیر اعظم نواز شریف انہیں اپنی کابینہ سے فارغ کریں اور ان کے خلاف قوم سے غلط بیانی پر مقدمہ چلائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان عالمی سطح پر پاکستان کی جگ رسائی کا موجب بن رہے ہیں جبکہ مولانا عبدالعزیز کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود اسے گرفتار کرکے مقدمہ نہیں چلایا جارہا جس پر پاکستان پیپلزپارٹی کو سخت تشویش ہے۔

متعلقہ عنوان :