سیکولر لابی مدارس کیخلاف پروپیگنڈوں میں مصروف ہے،مفتی محمدنعیم

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے وفاقی وزیر داخلہ کا قومی اسمبلی کا بیان ”مدارس دہشت گردی میں ملوث نہیں“ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ کا بیان حقائق پر مبنی ہے،یہ بیان مدارس کیخلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے، مدارس انسداد دہشت گردی کی جنگ میں ریاست کے خلاف فریق نہیں بلکہ دہشت گردی کیخلاف ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، دہشت گردی سے سب سے زیادہ نقصان مذہبی طبقے کا ہوا ہم نے اپنے جید علماء کرام اور طلبہ کی لاشیں اٹھاکر بھی ملکی امن واستحکام پر آنچ تک آنے نہیں دی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو سعودی عرب سے وفاق المدارس مجلس عاملہ کے رکن مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے وفاقی وزیر داخلہ کے اسمبلی میں مدارس کے حوالے سے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسی حقائق کا ایک ذمہ دار شخصیت کی طرف سے اعتراف اور مدارس دشمنوں کے منہ پر طمانچہ قراردیتے ہوئے کہاکہ مدارس الحمداللہ دنیا بھر میں علوم نبویہ کو عام کررہے ہیں تعلیم کے فروغ میں مدارس کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں مدارس نے ہر دور میں ہر قسم کے حالات میں وطن عزیز کے قانون وآئین کی حدود میں رہتے ہوئے تعلیم کوعام کیاہے ،انہوں نے کہاکہ بعض سیکولر لابیاں مدارس کیخلاف پروپیگنڈوں میں مصروف ہیں جب کہیں دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ رونماء ہوتاہے تو اسے مدارس سے جوڑ کر مدارس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ،انہوں نے کہاکہ دہشت گردی سے مدارس کاکوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کسی بھی قسم کی دہشت گردی مدارس میں سیکھائی جاتی ہے ،بلکہ مدارس کا پیغام دنیا میں امن پھیلانا ہے انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیں اسلام سے خوفزدہ ہوکر مدارس کو ہدف تنقید بنارہی ہیں کیونکہ انہیں پتاہے کہ اسلامی تہذیب وثقافت اوردینی نظریہ و کودنیا میں عام کرنے میں مدارس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی اس حقیقت پسندی کا خیر مقدم کرتے ہیں جس میں انہوں نے اسمبلی کے فلور پر مدارس کے حوالے سے کسی قسم کے دباوٴ میں نہ آکر حقیقت پسندی کا ثبوت دیا۔