پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس 27 دسمبر کو نوڈیرو ہاوٴس لاڑکانہ میں طلب، اہم فیصلوں کا امکان

ہفتہ 19 دسمبر 2015 20:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 دسمبر۔2015ء)پیپلزپارٹی کے 27 دسمبر کو نوڈیرو ہاوٴس لاڑکانہ میں طلب کیے جانے والے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے پی پی کے ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں فی الحال تو پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے شریک ہونے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم پارٹی ذرائع کہتے ہیں کہ یہ فیصلہ آصف علی زرداری خود 26 دسمبر کو کریں گے کہ وہ پاکستان آرہے ہیں یا نہیں؟ ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کریں گے اور اجلاس میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر کا اعلان بھی کیا جائیگا جس کے لیے آصف علی زرداری کا نام ٹاپ پر لیا جارہا ہے پیپلزپارٹی کے سینئر وائس چیئرمین کے عہدے کے لیے مخدوم جمیل الزماں کا نام سرفہرست ہے اس کے بعد مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد ان کی خالی نشست پر مخدوم سعیدالزماں عاطف کو ٹکٹ دینے کا بھی اعلان متوقع ہے اس اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے بعد تحصیل، ٹاوٴن اور ضلع چیئرمین کے انتخاب کے لیے پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔