مسلم حکمران نائیجیریا مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں،متحدہ علماء محاذ

ہفتہ 19 دسمبر 2015 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام شہر میں نائیجیریا کمیونسٹ حکومت کی جانب سے 500شیعہ عزاداروں کی شہادت اور سینکڑوں افراد کو زخمی اور آیت اﷲ شیخ ابراہیم زکزاکی کی ظالمانہ گرفتاری کے خلاف یوم احتجاج منایاگیا،اس موقع پر مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین،خطیب پاکستان مولانا انتظارالحق تھانوی ،مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، مفتی شمیم خان،علامہ سجاد شبیر، علامہ غلام مصطفی رحمانی،علامہ علی کرارنقوی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،علامہ عبداﷲ جوناگڑھی سلفی، علامہ شاہدین اشرفی ودیگر نے جامع مسجد نورایمان ناظم آباد میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ مسلمانوں پر نائیجیریا حکومت کے وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ افراد کی فوری رہائی اور مظالم بند کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

علما ء نے کہاکہ شیعہ سنی کے نا م پر وحشیانہ مظالم کرنے والے اسلام و مسلمانوں کے اتحاد کے دشمن اور عالمی استعمار کے ایجنٹ ہیں۔نائیجیریا میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ نائیجیریا کمیونسٹ حکومت مذہبی منافرت کی کوشش کررہی ہے ۔ جبکہ نائیجیریا میں علامہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی قیادت میں شیعہ سنی مسلمان مل کر القدس سمیت دیگر ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہیں۔

نائیجیریا کمیونسٹ حکومت اسرائیل کے ایجنڈے کے تحت نہتے شیعہ سنی مسلمانوں کو قتل کرکے انہیں القدس حمایت کی سزا دے رہی ہے،یہ اسی دہشتگردی کا تسلسل ہے کہ 2013میں القدس کی پرامن ریلی پر فائرنگ کرکے علامہ ابراہیم زکزاکی کے 3بیٹوں سمیت 30روزہ دار شیعہ سنی مسلمانوں کو قتل کیا۔پاکستان سمیت مسلم ممالک نائیجیریا کے مظلوم مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں،متحدہ علماء محاذ اسرائیلی، بھارتی مظالم کے خلاف،کشمیری و فلسطینی مظلوم مسلمان بھائیوں کی طرح نائیجیریا کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہے۔

متعلقہ عنوان :