رینجر اختیارات میں کمی کسی صورت قبول نہیں ،آپریشن روکنے کی ہر سازش کو ناکام بنادینگے اور اختیارات کی منظوری تک ہمارا احتجاج جاری رہیگا،ٹرانسپورٹرزاور تاجر رہنما

ہفتہ 19 دسمبر 2015 22:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) ٹرانسپورٹرزاور تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ رینجر اختیارات میں کمی کسی صورت قبول نہیں ،آپریشن روکنے کی ہر سازش کو ناکام بنادینگے اور اختیارات کی منظوری تک ہمارا احتجاج جاری رہیگا،حکومت رینجرز کو سندھ میں مکمل با اختیار بنائے ۔اگر سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات بحال کیئے تو پورے ملک میں کنٹینرز کو کھڑا کرکے سپلائی بند کردیں گے ۔

ہفتے کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئل ٹینکر اونر ایسوسی ایشن کے رہنما میر یوسف شوہوانی ،آل کراچی تاجر اتحاد کے رہنماعتیق میر،محمد شفیق کاکٹر و دیگر نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات محدود کرنے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، رینجر کی کارروائیوں سے بھتہ خوری ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے ،اگر رینجرز کے اختیارات میں کمی پر خاموشی اختیار کی گئی تو کراچی میں پھر سے بد امنی کی صورتحال پیدا ہوجائیگی۔

(جاری ہے)

ان رہنماؤں نے کہا کہ اگر رینجرز کے کو سندھ میں مکمل اختیارات نہ دیے گئے تو ہمارے احتجا ج کا دائرہ وسیع ہوجائیگا۔عتیق میر نے کہا کہ پاک فوج اور رینجرز کی کوششوں سے کراچی میں امن بحال ہوا ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں ،ایسا لگتا ہے کہ سازش کے تحت رینجرز کے اختیارات پر قد غن لگائی جارہی ہے ۔ہم چند روز میں اپنے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔اس سے قبل آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی جانب سی شیر جناح کالونی سی کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ٹرانسپورٹرز کی کثیر تعداد شریک تھی ۔مظاہرے کے شرکا آرمی چیف اور رینجر کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے ۔ریلی کے شرکا نے نیٹی جیٹی کے پل پر علامتی دھرنا بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :