ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا امکان مسترد کردیا

پیر 21 دسمبر 2015 13:16

ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا امکان مسترد کردیا

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار21دسمبر- 2015ء) قومی ٹیسٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ کے دورے کے لیے تیار ہو رہے ہیں ۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کے قائداعظم ٹرافی ، بنگلہ دیشی لیگ اور دیگر میچز کھیلنے کا مطلب یہی ہے کہ انھیں آنے والے دنوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی ہے جس کے لیے وہ خود کو فٹ رکھنا چاہتے ہیں ۔

مصباح الحق نے کہا کہ فی الحال ان کے ذہن میں یہی ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے ، حالانکہ اس سیریز میں ابھی بہت وقت باقی ہے لیکن ذہنی اور جسمانی طور پر اس سیریز کے لیے وہ خود کو تیار رکھ رہے ہیں ، 41 سالہ مصباح الحق پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 20 ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتان ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سال متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں اور انگلینڈ کیخلاف 0-2 سے ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد مصباح الحق نے کہا تھا کہ وہ پی سی بی کو اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق حتمی جواب سے مطلع کر دیں گے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے مصباح سے درخواست کی تھی کہ وہ ریٹائر نہ ہوں کیونکہ ابھی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے ۔