ایماندار ویٹر نے گاہک کو 32ہزار ڈالر لوٹا دئیے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 21 دسمبر 2015 13:37

ایماندار ویٹر نے گاہک کو  32ہزار ڈالر  لوٹا دئیے

فریسنو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21دسمبر2015ء) سنٹرل کیلیفورنیا کے ایک ویٹر نے ایک فیملی کو اُن کے میز پر بھول جانے والے 32ہزار ڈالر واپس کر دئیے ہیں۔ یہ رقم ویٹر کی سال بھر کی تنخواہ سے زیادہ ہے۔رائٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے ویٹر کا کہنا تھا کہ رقم واپس کرنا ہی درست تھا۔ 33سالہ برائن گیر ی نے ایک فیملی کے جانے کے بعد میز پر کینوس کا بنا پاؤچ دیکھا، پاوچ دیکھتے ہی اسے اندازہ ہوگیا کہ اندر کچھ چوکور چیز ہے۔

اس نے یہ پاوچ اپنے منیجر کو دکھایا، جس کا خیال تھا کہ اس میں دوائیاں ہیں۔منیجر کے مشورے پر اس بے پاؤچ کھولا تو اس میں کرنسی تھی۔ اس نے پاؤچ اپنے منیجر کو دے دیا، جس نے پولیس کو بلا کر پاؤچ اس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ جس جگہ سے برائن کو رقم ملی وہاں نگرانی کے کیمرے بھی نہیں لگے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ پاؤچ چند دن تک پولیس کے پاس رہا، جس کے بعد پاؤچ کی مالک فیملی نے پولیس سے رابطہ کر کے اسے اپنے نقصان کےبارے میں بتایا۔

پولیس نے فیملی سے اس رقم کے ذرائع کے حوالے سے کچھ سوالات کر کے انہیں یہ رقم واپس کر دی۔مذکورہ فیملی نے برائن کو انعام بھی دینا چاہا مگر اس نے لینے سے انکار کر دیا۔ شروع میں تو وہ اپنا نام بھی ظاہر نہیں کرنا چاہتا تھا۔ برائن کا کہنا ہے کہ میں کرما پر یقین رکھتا ہوں، میرا یقین ہے کہ اگر میں کسی کے ساتھ بھلائی کروں گا تو میرے ساتھ بھلائی ہوگی۔