جارجیا:پولیس اہلکاروں نے چالان کی بجائے ڈالرزتقسیم کرنا شروع کردیئے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 21 دسمبر 2015 17:37

جارجیا:پولیس اہلکاروں نے چالان کی بجائے ڈالرزتقسیم کرنا شروع کردیئے

جارجیا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔21 دسمبر۔2015ء) جارجیا میں بہت سے ڈرائیور اس وقت حیران رہ گئے جب مونرو کاونٹی میں پولیس اہلکاروں نے سڑک پر ایسے ڈرائیوروں کو روک کر ، جو چالان ہو جانے کے خوف کا شکار تھے ، سو سو ڈالر کے نوٹ تھمانے شروع کر دیے۔ ریاست جارجیا کی مونرو کاونٹی کے شہر فورسیتھ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کئی واقعات میں ایسا ہوا کہ پولیس نے گاڑی چلاتے ہوئے جن ڈرائیوروں کو روکا ، ان کا خیال تھا کہ انہوں نے کوئی غلطی کی ہے اور ان کا چالان کر کے انہیں جرمانے کی رسید تھما دی جائے گی۔

لیکن ہوا یہ کہ ایسے جس بھی ڈرائیور کو روکا گیا ، اس کے ہاتھ میں پولیس افسران نے چالان کی بجائے سو ڈالر کا ایک نوٹ تھما دیا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس محکمے کے سربراہ جان کیری بِٹِک نے اپنے محکمے کے جونیئر افسروں کو سو سو ڈالر کے 54 نوٹ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تین دنوں کے عرصے میں یہ رقم کسی بھی ایسے شہری یا ڈرائیور کو دے سکتے ہیں ، جسے وہ اس کا حقدار سمجھتے ہوں۔

(جاری ہے)

پولیس چیف کو یہ رقم ایک ایسی سماجی شخصیت نے دی تھی ، جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتی تھی اور شرط یہ تھی کہ اسے لوگوں کی خوشی کے لیے استعمال کیا جائے۔ پولیس افسران نے جن ڈرائیوروں کو روکا ، وہ بظاہر پریشان نظر آنے والے ایسے شہری تھے ، جنہیں ’خوشی کی ضرورت‘ تھی۔ چند ڈرائیورز جنہیں یہ نقد رقم دی گئی ، اتنے خوش ہوئے کہ ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور انہوں نے اسے اپنے لیے کرسمس کا تحفہ سمجھا۔جب کہ ایک خاتون نے اس پر بد زبانی اور خفگی کا اظہار کیا اور اس طرح وہ سو ڈالر کے نوٹ سے محروم ہی رہی۔