پی ایس ایل سے ملنے والے منافع کو کرکٹ کی ترقی اور فروغ پر خرچ کیا جائے گا‘ چیئرمین پی سی بی

ایونٹ کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیر ملکی کوچز اور تجربہ کار ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں سے استفادہ کرنے کے بھرپور مواقع میسر آئینگے

پیر 21 دسمبر 2015 19:08

پی ایس ایل سے ملنے والے منافع کو کرکٹ کی ترقی اور فروغ پر خرچ کیا جائے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ آنے والے سالوں میں منافع دے گی جسے پاکستان کی کرکٹ کی ترقی اور فروغ پر خرچ کیا جائے گا ،اس ایونٹ کے انعقاد سے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو غیر ملکی کوچز اور تجربہ کار ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں سے استفادہ کرنے کے بھی بھرپور مواقع میسر آئیں گے جو پاکستان کی قومی ٹیموں کے لئے بھی سود مند ثابت ہوگا ۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پاکستان کی پہلی سپر لیگ کے لئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کا لمحہ ہے اور پی ایس ایل کے لئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی لیکن مجھے قوی امید ہے کہ اس ایونٹ سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں بھی مدد ملے گی ۔

پہلے مرحلے میں یہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ہے لیکن انشا اﷲ وہ وقت بھی آئے گا جس اس ایونٹ کا پاکستان کے میدانو ں میں انعقاد ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارے نوجوان کرکٹرز کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہو گی ۔نوجوان کرکٹرز کو غیر ملکی کوچز اور تجربہ کار ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہوگا اور یہی کھلاڑی جب یہی کھلاڑی قومی ٹیموں کا حصہ بنیں گے تو خود کو بہترین کھلاڑی کے طور پر پیش کر سکیں گے ۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ سپر لیگ سے یقینا آنے والے سالوں میں منافع حاصل ہوگا جسے پاکستان میں کرکٹ کی ترقی اور فروغ پر خرچ کیا جائے گا ۔