کراچی ،پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اسحاق ڈار کے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیکر ملک و قوم سے سنگین مذاق قرار دیدیا

پیر 21 دسمبر 2015 20:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرزڈاکٹر کریم خواجہ، عاجز دھامرہ اور انجینئر گیان چندنے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حالیہ بیان کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے ملک و قوم سے سنگین مذاق قرار دیا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار کی نئی نرالی منطق کو درست تسلیم کر لیا جائے تو پھر رات کی تاریکی میں صدارتی آرڈیننس کے اجرا اور صدر مملکت ممنون حسین کے اس بیان کو جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آئی ایم اف سے قرض لیا ہے تو شرائط بھی تسلیم کرنا ہونگی کو کیا نام دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 26 فیصد شیئر کی فروخت کامطلب پی آئی اے کی انتظامیہ سمیت سیٹھوں کے ہاتھوں گروی رکھنا ہے اور اسی طرح کی سازش ہے جو کراچی الیکٹرک کی نجکاری کے وقت ملک و قوم کے خلاف کی گئی جس کا خمیازہ آج پورا ملک بھگت رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کو واپس لینا ہوگا اور پی آئی اے کے ملازمین کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف جاری احتجاج مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر قدم پر پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج اور مزاحمت کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کسی صورت میں بھی پی آئی اے کی نجکاری کی اجازت نہیں دے گا اسحاق ڈار عوام اور پی آئی اے ملازمین کو بیوقوف نہ سمجھیں نہ بنانے کی کوشش کریں۔