چڑیا گھراور زوسفاری پارک میں نئے جانوروں کے اضافے کیلئے اعلیٰ سطحی12رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

محکمہ جنگلی حیات کے پارکس اور چڑیاگھروں کی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع کا بھی جائزہ لیاجائے گا

پیر 21 دسمبر 2015 21:22

چڑیا گھراور زوسفاری پارک میں نئے جانوروں کے اضافے کیلئے اعلیٰ سطحی12رکنی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء )چڑیا گھر اور لاہور سفاری زو پارک میں نئے جانوروں کے اضافے اور لوگوں کو زیادہ تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے اعلیٰ سطحی 12رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لے کر جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری ملک محمد آصف بھا اعوان اس کمیٹی کے کنوینر اور صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران کو کنوینر ہوں گے جبکہ رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر، رکن صوبائی اسمبلی سائرہ افتخار، سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کیپٹن (ر) جہانزیب خان، کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف اینیمل سائنسز، ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد ایاز خان، چیف گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب، ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر اور ایک زو مینجمنٹ ایکسپرٹ اس کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

یہ کمیٹی جنگلی حیات کے پارکس اور چڑیا گھروں کی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے موقع کا بھی جائزہ لے گی۔