نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈم میکولم کا فروری میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

منگل 22 دسمبر 2015 11:08

نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈم میکولم کا فروری میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ..

ویلنگٹن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار22دسمبر- 2015ء) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈم میکیولم نے حیران کن طور پر فروری میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے ۔ 34 سالہ برینڈن میکولم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے موقع پر کیا جب تمام ٹیمیں ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کی تیاریاں کر رہی ہیں اور ان کی جانب سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان سامنے آنے کے بعد کرکٹ حلقوں میں مختلف چہ مگوئیاں بھی شروع ہوگئیں ۔

اس حوالے سے میکیولم کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد باقاعدہ ریٹائرڈ ہوجائیں گے اور مارچ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کریں گے ،ان کی عدم موجودگی میں کین ولیمسن ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ میکولم کا کہنا تھا کہ وہ کھیل کو خیرآباد کہنے کے فیصلے کا اعلان اگلے سال آسٹریلیا سے سیریز کے بعد کرنا چاہتے تھے تاہم ورلڈ ٹی ٹونٹی کے نیوزی لینڈ کے سکواڈ کے اعلان کے شیڈول کے پیش نظر انہیں یہ اعلان جلد کرنا پڑا ، برینڈم میکولم اپنے کیرئیر کا 100واں اور آخری ٹیسٹ آئندہ سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ویلنگٹن میں کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کے بعد سے مسلسل میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ برینڈم میکیولم نے ٹیسٹ کیریئر میں 99 میچز کھیل کر 11 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی بدولت 6273 رنز بنائے جب کہ ون ڈے کرکٹ میں میکولم نے 254 میچز میں کیویز کے لیے 5909 رنز بنائے جس میں 5سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں میکیولم نے 71 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کی جس میں 35.66 کی اوسط سے 2140 رنز بنائے جب کہ محدود اوورز کے فارمیٹ میں انہوں نے 2 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :