پاکستان سے جے ایف 17تھنڈر خریدنے کا کوئی منصوبہ نہیں ،ملائیشیا

منگل 22 دسمبر 2015 11:54

پاکستان سے جے ایف 17تھنڈر خریدنے کا کوئی منصوبہ نہیں ،ملائیشیا

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22دسمبر۔2015ء) ملائیشیا نے پاکستان سے جے ایف تھنڈر خریدنے کی رپورٹوں کی تردید کرتے ہو ئے کہا کہ ملائیشین وزارت دفاع کا پاکستان سے لڑاکا طیارے جے ایف تھنڈر خریدنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ملکی اوربین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں شائع رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا پاکستان سے لڑاکا طیارے جوائنٹ فائٹر 17 (جے ایف 17) خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم دی ملائیشین انسائیڈر اخبا ر کے مطابق ملائیشین وزیر دفاع داتک سیری حشام الدین حسین نے کہا کہ ”میں نے یہ پہلے کبھی نہیں سنا، میں نے پہلی بار اس کے متعلق سنا ہے۔

ہمارا اسے خریدنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ملائیشیا کے وزیردفاع نے یہ بیان پارلیمنٹ لابی میں ہائی کمشنر کے بیان کے متعلق پوچھے گئے سوال میں دیا کہ ملائیشیا پاکستان سے لڑاکا طیارے خریدنے پر کوئی غور نہیں کر رہا۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں کہا گیا کہ ملائیشیا نے پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کردہ لڑاکا طیارے جے ایف 17تھنڈر خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر حسر الثانی نے سرکاری خبر رساں ادارے سے انٹرویو میں کہا تھاکہ ان کا ملک جے ایف 17طیارے کی خریداری پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 دفاعی شعبے میں پاکستان کی ایک بہترین پیداوار ہے اور ملائیشیا کی حکومت اس طیارے کی خریداری اور ان کی تعداد پر جلد فیصلہ کرے گی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کب تک یہ فیصلہ متوقع ہے۔رواں ماہ مصر نے بھی ان طیاروں کی خریداری میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔گزشتہ ماہ برطانوی خبررساں ادارے نے کہا تھا کہ دبئی ائیر شو میں ان طیاروں کا ایک سودا طے پا گیا ہے مگر خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔جے ایف تھنڈر کے ممکنہ خریداروں میں سری لنکا اور میانمار کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :