الطاف حسین سمیت متحدہ کے 25 رہنماوٴں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 22 دسمبر 2015 13:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 دسمبر۔2015ء ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے روٴف صدیقی کے خلاف 9 مقدمات میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت پارٹی کے 25 رہنماوٴں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے روٴف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزامات کے تحت 23 مقدمات کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے 9 مقدمات کا چالان پیش کیا جس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، وسیم اختر، قمر منصور، رشید گوڈیل، خوش بخت شجاعت اور خالد مقبول صدیقی سمیت پارٹی کے 25 رہنماوٴں کو مفرور قرار دیا ۔عدالت نے چالان کی رو سے مفرور قرار دیئے گئے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کاحکم دیدیا۔واضح رہے کہ روٴف صدیقی کے خلاف شہر بھر کے مختلف تھانوں میں اشتعال انگیز تقاریر اور اس کی معاونت کے الزام میں 23 مقدمات درج ہیں اور انہوں نے ان تمام مقدمات میں عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔