رمیز راجہ کا پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کی بولی لگانے کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار

یہ طریقہ کار انڈین پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی بولی لگانے سے مختلف ہے ‘ پورے سلسلے کو قابو میں رکھنا آسان ہے ‘پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایک بہتر ماحول اور صحت مند ماحول میں کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، رمیز راجہ

منگل 22 دسمبر 2015 17:22

رمیز راجہ کا پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کی بولی لگانے کے طریقہ کار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22دسمبر۔2015ء) سابق کھلاڑی اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کی بولی لگانے کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طریقہ کار انڈین پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی بولی لگانے سے مختلف ہے ‘ پورے سلسلے کو قابو میں رکھنا آسان ہے ‘پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایک بہتر ماحول اور صحت مند ماحول میں کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔

ایک انٹرویو میں سابق کھلاڑی اور کرکٹ کے تجزیہ کار رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کی بولی لگانے کے بجائے ’ڈرافٹنگ‘ کے طریقہ کار پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ متوازن ٹیموں کے انتخاب میں یہ طریقہ کار انتہائی مناسب تھا۔انھوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار انڈین پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی بولی لگانے سے مختلف ہے اور اس سے پورے سلسلے کو قابو میں رکھنا آسان ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ابھی فرنچائز یا ٹیموں کے خریدار بھی ناتجریہ کار ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ تجریہ اور اعتماد حاصل ہو جائے گا جس کے بعد بولی کا طریقہ اپنایا جا سکتا ہے۔بولی کے طریقہ کار پر رائے دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس میں اس بات کا اندیشہ رہتا ہے کہ جس فرنچائز کے پاس زیادہ پیسہ ہے وہ تمام اچھے کھلاڑی خرید لے اور باقی ٹیمیں کمزور رہ جائیں۔

اس لیگ میں شامل ایک ٹیم کی ملکیت ایک ٹی چینل کے مالک کے پاس ہونے کے حوالے سے ایک سوال پر سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ اس ادارے کے مالک نے کہا ہے کہ وہ تمام ٹیموں کو اپنی نشریات میں یکساں وقت دیں گے۔انھوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے کے بعد باقی ادارے بھی اپنے آپ کو کسی نہ کسی ٹیم سے وابستہ کریں گے اور یہ ٹورنامنٹ کے لیے بہت مفید ثابت ہو گا۔