Live Updates

عمران خان بدکلامی سے باز نہ آئے تو گھیراؤ کریں گے،علی اکبر گجر

عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست مغلظات، جھوٹ اور مکروفریب کی سیاست ہے ،رہنما (ن)لیگ سندھ

منگل 22 دسمبر 2015 17:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدرعلی اکبر گجر نے کہا ہے کہ عمران خان بدکلامی سے باز نہ آئے تو گھیراؤ کریں گے۔مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت سیاست میں اصولوں، شرافت اور شائستگی کی قائل ہے لیکن عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست مغلظات، جھوٹ اور مکروفریب کی سیاست ہے جس نے انہیں ناکامیوں کے پاتال میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روزلودھراں کے جلسے میں قائد جمہوریت میاں محمد نواز شریف اورخادم اعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف کے بارے میں جس طرح کی زبان استعمال کی اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔مسلم لیگی قائدین نے اپنا آرام ،چین اور قرار چھوڑ کر عوامی خدمت کا جو بیڑہ اٹھایا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی لیکن عمران خان منفی پروپیگنڈہ کرکے حکومت کو بدنام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف گزشتہ اڑھائی سالوں سے جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے لیکن پاکستانی عوام ان سازشوں اور عمران خان کے غیرملکی ایجنڈے سے آگاہ ہیں اور وہ کسی صورت ایسی مذموم سیاست کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے اور انشااﷲ لودھراں کا نتیجہ بھی این اے 122سے مختلف نہیں ہوگا۔علی اکبر گجر نے کہا کہ ہم عمران خان کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ ہمارے قائدین کے خلاف زبان درازی ترک کردیں اور گالیوں کی زبان چھوڑ کر شائستہ رویہ اپنائیں ورنہ مسلم لیگ کے متوالے عمران خان کا ہراس جگہ گھیراؤکریں گے جہاں جہاں وہ جائیں گے اور پھر تمام نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

وہ سیاست میں فصلی بٹیرے ہیں جنہیں عوام کے مسائل اور ان کی مشکلات کااندازہ ہی نہیں،سیاست کے نام پر انہوں نے ملک میں ایک تماشالگا رکھا ہے جو ملک اور قوم کی ترقی کی راہ میں روڑے کے سوا کھ نہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات