پاک بحریہ نے ساتویں مرتبہ کثیر الملکی کمبائنڈٹاسک فورس1 15کی کمانڈ سنبھال لی

منگل 22 دسمبر 2015 18:31

پاک بحریہ نے ساتویں مرتبہ کثیر الملکی کمبائنڈٹاسک فورس1 15کی کمانڈ سنبھال ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء) پاک بحریہ نے ساتویں مرتبہ کثیرالملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-کی کمانڈ سنبھال لی ۔ ٹاسک فورس کی کمانڈ کوبحرین میں ہونے والی ایک پُروقار تقریب کے دوران پاک بحریہ کے حوالے کیا گیا۔تقریب میں ترکش بحریہ کے ریئر ایڈمرل اہان بے (AYHAN BAY)نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-کی کمانڈ پاک بحریہ کے کموڈورزاہد الیاس کے سپرد کی۔

کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل کیون ڈونگن (Kevin Donegan) تبدیلی کمانڈ کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔کمبائنڈ ٹاسک فورس 151-، کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی زیر نگرانی صومالیہ کے ساحل اور قرنِ افریقہ میں اِنسدادِ بحری قزاقی آپریشنز کی ذِمہ دارہے۔ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کے تناظر میں 2009میں بحری قزاقی کے خاتمے کے لئے پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس151-میں شِرکت کی اور تب سے بحری قزاقی سے نمٹنے کے لیے اِس ٹاسک فورس کا ایک اہم حِصہ ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاک بحریہ چھ مرتبہ کثیر الملکی کمبائنڈ ٹاسک فورس کی کمانڈ کر چکی ہے۔پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کی روک تھام اور انسدادِ قزاقی کے لیے ہمیشہ پر عزم اور پیش پیش رہا ہے پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناتے میری ٹائم سیکورٹی اور خطے کے استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ پاک بحریہ جہازوں کی اپنی سمندری حدود (AOR) میں مستقل موجوودگی خطے میں جہاز رانی کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار کر رہی ہے۔بحرین میں تعینات پاکستانی سفیر ،ترکش سفیر ، عسکری اور سویلین شخصیات سمیت دیگر ممالک کے آفیسرز کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شِرکت کی۔