بجٹ خسارے میں کمی اور زرمبادلہ میں اضافے کے بغیر معیشت کی ترقی ناممکن ہے،سینیٹر حاجی غلام علی ، میاں زاہد حسین

منگل 22 دسمبر 2015 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء) سابق صدرایف پی سی سی آئی، بزنس مین پینل خیبر پختونخواہ کے صدراور صدارتی امید وارسینیٹر حاجی غلام علی اورپاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئر مین ، سابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے مشترکہ بیان میں حکومت پر ایک بار پھر زور دیا ہے کہ کہ وہ پاکستان کی معیشت کو صحیح راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ معاشی اصلاحات ، بجٹ خسارے میں کمی اور غیر ملکی زرمبادلہ اس وقت کی اشد ضرورت ہیں۔انہوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی باوجود پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھتا جارہا ہے جس کی بنیادی وجہ برآمدات کی کمی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر یہ تاریک صورتحال بر قرار رہی تو نتیجہ ماضی قریب میں لگائے جانے والے 40ارب روپے کے ٹیکسس کے مقابلے کئی گنا زیادہ ہوگا۔

حاجی غلام علی اور میاں زاہد حسین نے اپنے مشتر کہ بیان میں تجارت کے تمام اداروں میں کا ر کردگی کا معیار قائم کرنے اور ان پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ تجارتی وزارت چند لوگوں کے ہاتھوں یرغمال محسوس ہوتی ہے اور اس کا "سب چلتا ہے "والے رویے سے بزنس کمیونٹی اور عام عوام دونوں مشکلات کا شکا ر ہیں۔برآمدات کے معاملے پر حکومت کی رٹ چیلنج کی جا رہی ہے اور اب حکومت کوان نااہل عنصرکے خلاف اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرنا ہوگا۔

سینیٹر حاجی غلام علی اور میاں زاہد حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ڈیپ میں اعزازی کے بجائے مستقل بھر تی کی جائے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے ۔دونوں رہنماؤں نے ٹی ڈیپ کے سر براہ کی کارکردگی پر نا گواری کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹی ڈیپ پاکستان کے مفادات کا دفاع کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے جسکی واضح مثال یہ ہے کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کی سیمنٹ برآمدات پر ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کردی ہے۔

پو لینڈاب پاکستان سے چاول برآمد کرنے کا خواہاں نہیں ہے نہ صرف برآمدات کے شعبے کو نقصان پہنچایا گیا ہے بلکہ علاقائی سطح پر بھی موجود صنعتوں کو تباہ کرنے میں بھی کوئی کسرنہیں چھوڑی گئی ۔پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کا بارہویں سارک ٹریڈ فیئر کے موقع پر احتجاج کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔ سینیٹر حاجی غلام علی اور میاں زاہد حسین نے حکومت کو میرٹ کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے تاکہ حقیقی تاجر معیشت کی ترقی اور معاشی اصلا حات میں حصہ ڈال سکیں ۔ برآمدات میں اضافے کے باعث غیر ملکی مالیاتی اداروں سے قرضوں کی ضرورت کم ہو جائے گی جس سے بجٹ خسارہ کم ہو گا۔

متعلقہ عنوان :