چودھری شجاعت کی گرینڈ الائنس کی تجویز،حکومت نے اتحادیوں سے رابطے بڑھا دئیے

وزیر اعظم اتحادی جماعتوں کے رہنماوٴں کے ساتھ اجلاس میں تعاون اور حریف پارٹیوں کی جانب منتقل نہ ہونے کی یقین دہانی لیں گے وزیر اعظم اتحادیوں کو سننے اور انکے مسائل حل کرنے کیلئے تیار ، کابینہ کی توسیع میں تاخیر بھی اتحادیوں کے دباوٴ کی وجہ ہے،ذرائع

منگل 22 دسمبر 2015 21:37

چودھری شجاعت کی گرینڈ الائنس کی تجویز،حکومت نے اتحادیوں سے رابطے بڑھا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔22 دسمبر۔2015ء) چودھری شجاعت حسین کے حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس کی تجویز پر حکومت نے بھی اپنے اتحادی پارٹیوں سے رابطے بڑھا دئیے ،وزیراعظم ہاؤس میں پریشانی کی فضاؤں نے ایک بار پھر ڈیرے لگا لئے ہیں ۔آن لائن ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے حکومت کے خلاف ایک گرینڈ الائنس کی تجویز دی ہے۔

قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے حکمرانوں کی نگرانی کے لئے پارلیمنٹ میں مشترکہ اپوزیشن کے طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پی پی پی اور پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں اتحاد اور چودھری شجاعت کے اس بیان کے ایک گرینڈ اپوزیشن الائنس تشکیل دیا جائے گا سے وزیر اعظم اور ان کے اتحادی محتاط ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے ایک قریبی اتحادی نے بتایا کہ وہ اتحادی جماعتوں کے رہنماوٴں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کریں گے اور ان سے تعاون اور حمایت کے علاوہ حریف پارٹیوں کی جانب منتقل نہ ہونے کی یقین دہانی لیں گے۔وزیر اعظم اپنے اتحادیوں کو سننے اور انکے مسائل حل کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔ کابینہ کی توسیع میں تاخیر بھی اتحادیوں کے دباوٴ کی ایک وجہ ہے کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کے اعلی سطحی اتحادی فعال ہوں اور حکومت کے خلاف بطور یونٹ اپوزیشن کی بڑھتی ہوئی طاقت کو توڑیں۔