نئی دہلی : انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کی گاڑی کو نذر آتش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 دسمبر 2015 12:35

نئی دہلی : انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم کی گاڑی کو نذر آتش کرنے کا فیصلہ ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 23 دسمبر 2015 ء) : بھارت میں انڈر والڈ ڈان داؤد ابراہیم کی گاڑی کو عوام کے سامنے نذرٍ آتش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے بتایا کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی گاڑی کو نئی دہلی کے قریب غازی آباد کے علاقہ میں عوام کے سامنے نذرِ آتش کیا جائے گا۔ داؤد ابراہیم کی گاڑی کے خریدار سوامی چکرا پانی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ "ہماری تنظیم نے مذکورہ کار کو بدھ (23 دسمبر) کی دوپہر 1 سے 2 بجے کے درمیان غازی آباد کے اندراپورم میں نذرِ آتش کرنے کا فیصلہ کیا ہے"۔

آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے قومی صدر ہونے کا دعویدار چکراپانی کا کہنا تھا کہ داؤد ابراہیم اور اُن کے ساتھیوں کی ملک بھر بالخصوص ممبئی میں کی جانے والی دہشت گردی کی آخری رسومات کی علامت کے طور پر داؤد ابراہیم کی گاڑی کو نذرٍ آتش کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ داؤد ابراہیم کی سبز ہنڈائی ایسنٹ کار کو چکرا پانی نے رواں ماہ 9 دسمبر کو ہونے والی نیلامی میں بولی لگا کر 32 ہزار کے عوض خرید لیا تھا۔

چکرا پانی کے مطابق "اس سے قبل میں اس گاڑی کو ایک ایمبولینس میں تبدیل کرنا چاہتا تھا، لیکن داؤد ابراہیم کے گینگ اور بندوں نے مجھے اس اقدام کے سنگین نتائج کے لیے تیار رہنے کی دھمکیاں دیں تو میں نے انہیں اُن ہی کی زبان میں جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے گاڑی کو نذرٍ آتش کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں اس گاڑی کو عوام کے سامنے جلانے جارہا ہوں".مذکورہ گاڑی کوچند دن قبل ہی ممبئی سے دہلی منتقل کی گئی تھی، جبکہ گاڑی کی حالت بھی کوئی اتنی اچھی نہیں ہے ۔

چکراپانی نے نڈر ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے کسی سکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ میں ان دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں، تاہم دھمکیاں موصول ہونے کے بعد میں نے 11 دسمبر کو دہلی کے مندر مرگ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروادی تھی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق داؤد ابراہیم 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے متعدد دھماکوں کے سلسلے میں ہندوستان کو مطلوب ہیں۔ اُن پر ملک میں دیگر دہشت گردی کے حملوں، منی لانڈرنگ اور بھتہ خوری کے بھی الزامات ہیں۔

متعلقہ عنوان :