سزا یافتہ محمد عامر کیلئے انگلینڈ ، نیوزی لینڈ ،آسٹریلیا میں داخلہ مشکل ہوگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 دسمبر 2015 13:01

سزا یافتہ محمد عامر کیلئے انگلینڈ ، نیوزی لینڈ ،آسٹریلیا میں داخلہ ..

کراچی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار23دسمبر- 2015ء) سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو کامن ویلتھ ممالک کا ویزہ ملنے کے امکانات انتہائی کم ہونے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی قومی ٹیم میں شمولیت کو ویزہ کلیئرنس سے مشروط کردیا ہے ۔ قانونی ماہرین کے مطابق ویزہ مسائل کے باعث ان کی واپسی ورلڈ ٹی ٹونٹی سے ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق لیفٹ آرم فاسٹ بولر کے وکیل سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی وضاحتیں مانگی ہیں اور مستقبل کی ویزا کلیئرینس ملنے کے بعد پی سی بی ان کے ویزے کی باضابطہ درخواست دیگا جبکہ نیوزی لینڈ جانے کیلئے ان کیلئے آسٹریلیا کا ٹرانزٹ ویزہ بھی درکار ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے گذشتہ ماہ انگلینڈ کی سیریز کے دوران ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے قونصلیٹ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے حاصل کر لئے تھے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کامن ویلتھ ملکوں میں شامل ہیں جو ملکہ برطانیہ کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔ پی سی بی قانونی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اس وقت عامر کے ویزے کیلئے درخواست دیگا جب اسے یقین ہوگا کہ ان کا ویزہ مسترد نہیں ہوگا کیوں کہ نیوزی لینڈ سمیت کئی ملکوں میں کرمنل کیسز میں سزا یافتہ لوگوں کو پانچ سال کیلئے ویزے جاری نہیں کئے جاتے اور اگر نوجوان فاسٹ باؤلر کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا ویزہ نہیں ملا تو انہیں اگلے سال انگلینڈ کا بھی ویزہ نہیں ملے گا۔

امکان ہے کہ عامر کو ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے بھارت کا ویزہ آسانی سے مل سکتا ہے۔