کراچی ،افسوسناک واقعہ پر پیپلز پارٹی پر اپوزیشن برس پڑی، عمران اسماعیل اور فیصل واووڈا بچی کے گھر پہنچ گئے، نیبل گبول کا بلاول بھٹو سے معافی کا مطالبہ

جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ نے بھی واقعہ کو افسوسناک قرار دیدیا عمرا ن اسماعیل اور فیصل واووڈا متوفیہ بسمہ کے والدین کو دلاسہ دینے ان کے گھر پہنچ گئے

بدھ 23 دسمبر 2015 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23دسمبر۔2015ء) کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر پیپلز پارٹی پر اپوزیشن برس پڑی، تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور فیصل واووڈا بچی کے گھر پہنچ گئے، نیبل گبول نے بلاول بھٹو سے معافی کا مطالبہ کر دیا، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ نے بھی واقعہ کو افسوسناک قرار دیا۔تحریک انصاف کے رہنما عمرا ن اسماعیل اور فیصل واووڈا متوفیہ بسمہ کے والدین کو دلاسہ دینے ان کے گھر پہنچ گئے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر حکمرانوں کو سکیورٹی خدشات ہیں تو گھر بیٹھ جائیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ اگر پروٹو کول کی وجہ سے بچی کی موت ہوئی ہے تو سندھ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے۔ سابق وزیر نبیل گبول کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری بچی کے والدین سے معافی مانگیں۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رہنما محمد حسین نے کہا کہ انگریز چلے گئے لیکن کالے انگریز باقی ہیں جو عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں۔

ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں پی پی پی حکومت کے پروتوکول کے سبب بسمہ کی ہلاکت کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ فنکشنل لیگ کے شہر یار مہر نے کہا کہ بلاول کو اپنی جان کا خوف ہے تو گھر سے ہی نہ نکلیں۔دیگر سیاسی و سماجی رہنماوٴں نے بھی واقعہ کو افسوسناک قرا ر دیا ہے۔