پولیس نے 12 ، ربیع الاول کے لئے سیکیورٹی انتظامات ترتیب دیدیئے

بدھ 23 دسمبر 2015 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 دسمبر۔2015ء) ترجمان سندھ پولیس نے دفتر سے جاری ایک اعلامیئے میں کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کے تناظر میں ریپڈ ریسپانس فورس کی دو کمپنیز ، ایس ایس یو کی تین کمپنیز پر مشتمل کمانڈوز کے علاوہ پی ٹی سی سعیدآباد ، شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد ، ایس آر پی ، اینٹی انکروچمنٹ سیل ، اور کرائم برانچ سے 2000 پولیس افسران اور جوان بطورِ اضافی نفری کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر دیئے گئے ہیں جبکہ کراچی پولیس کے ترتیب کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق اس دن کی مناسبت سے شہر کی معمول کے سیکیورٹی اقدامات سمیت منعقد کی جانیوالی 1115 تقریبات ، اور برآمد ہونیوالے 515جلوسوں / ریلیوں کی اور مرکزی جلوس و مرکزی اجتماع گاہ پر 28933 اہلکاروں کو سیکیورٹی فرائض پر تعینات کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ 571 موبائلز اور 574 موٹر سائیکلوں پر مامور اہلکار اسکے علاوہ ہیں جو پیٹرولنگ ، اسنیپ چیکنگ کے تحت سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی موثر اور مربوط بنارہے ہیں ۔ ویسٹ زون میں 226 جلوس / ریلیوں ، 645 تقریبات کے لئے 6439 ، ساوتھ زون میں 81 جلوس / ریلیوں ، 82 تقریبات کے لئے 3531 ،ایسٹ زون میں 208 جلوسوں اور 388 تقریبات کے لئے 18963 پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرکزی جلوس کے روٹس ، مرکزی اجتماع گاہ ودیگر تقریبات کے اطراف میں قائم مکانوں ، دکانوں ، اور عمارتوں کا نا صرف سروے کرلیا گیا ہے بلکہ مکانوں ، دکانوں کے مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے متعلقہ تھانوں نے کرائے داروں وغیرہ کے کوائف کی تصدیق کے عمل کے اقدامات بھی کرلئے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ایس ایچ اوز کو علاقوں میں مسلسل گشت ، ڈپلائمنٹ چیک کرنے سمیت وائرلیس کنٹرول رومز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او سے مستقل رابطوں کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ مانیٹرنگ اور نگرانی کے تحت وقتاّ فوقتاّ جاری مذید ہدایات پر فوری عمل درآمد کیا جاسکے ۔

رپورٹ کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ سے تمام اہم مقامات پر سوئیپنگ / اسکیننگ اور کلیئرنس سرٹیفیکیٹس کے حصول کو بھی کنٹی جینسی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ 12 ربیع الاول کی سیکیورٹی کے جملہ انتظامات میں ضلعی اور زونل پولیس کے ساتھ پولیس کے اسپیشلائزڈ یونٹس کے تمام تر روابط سمیت قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے رابطوں کو بھی ہر سطح پر ممکن بنایا جائے تاکہ اس دن کی مناسبت سے منعقدہ اجتماعات ، نعتیہ محافل سمیت مختلف علاقوں سے برآمد ہونیوالے جلوسوں ، مرکزی جلوس ، ان کے شرکاُ ، منتظمین وغیرہ اور شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے مجموعی اقدامات کو ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :