ملکی مسائل کا واحد حل سیرت محمد پر عمل کرکے ہی ہوسکتا ہے، معراج الہدیٰ صدیقی

اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو انسانیت کی فلاح و بہبودکا درس دیتا ہے، خالد صدیقی، قرآن و سنت کی دعوت پر عمل اور اس کو عام کرنا ہوگا

بدھ 23 دسمبر 2015 21:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 دسمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ سیرت النبی ہمارے لئے تقلید کا بہترین نمونہ ہے جس کے نتیجہ میں باطل قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہوکر ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت سیکٹر 11-C میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ غزوہ احد، تبوک اور دیگر غزوات و جہاد ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ باطل قوتوں کے خلاف آرام سے نہیں بیٹھا جاسکتا۔ امت مسلمہ متحد ہو کر استعماری قوتوں کو شکست فاش دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی مسائل کا واحد حل سیرت محمد پر عمل کرکے ہی ہوسکتا ہے، حضور اکرم انسانیت کے اخلاق کی تکمیل کے لئے بھیجے گئے اور آخری خطبہ حج کے موقع پر بھی رہتی دنیا کیلئے انسانیت کا منشور پیش کیا، حضور اکرم نے غلاموں، عورتوں اور پوری انسانیت کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

سیرت نبی کریم کی زندگی بالکل بے داغ ہے اور سیرت نبی کریم پر ہی عمل کرکے ہی دنیا کو امن و سکون کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ حضور اکرم نے آئین و حکومت کی تشکیل کی اور ملکی اور سیاسی معاملات دین اسلام کے عین مطابق چلائے عدل و انصاف کا بہترین نظام قائم کیا جو آج تک ہمارے بہترین نمونہ ہے۔ نائب امیر ضلع وسطی خالد صدیقی نے کہاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔

اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو انسانیت کی فلاح و بہبودکا درس دیتا ہے۔ دین اسلام اجتماعیت کا دین ہے ہمیں رنگ و نسل اور مختلف فرقوں میں بٹے لوگوں کو اجتماعیت سے جوڑنا ہے۔ جنرل سیکریٹری زون نارتھ کراچی فیصل جمیل صدیقی نے کہا آج پوری دنیا میں مسلمان یہود و ہنود کے عتاب کا شکار ہیں، اس کی وجہ اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی نفی اور تعلیمات نبوی ﷺ سے انحراف ہے، انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ پر عمل کر کے ہی تمام مسائل سے نجات حاصل ہو سکتی ہے اور اس کے لئے ہمیں عملی طور پر قرآن و سنت کی دعوت پر عمل اور اس کو عام کرنا ہوگا۔