آصف زرداری کا کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم ، ا ٓئندہ ا فتتاحی تقاریب اسپتالوں میں منعقدنہ کرنے کی ہدایت

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے وزیراعلیٰ سندھ کو فون کرکے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں شیر خوار بچی بسمہ کی موت پر دکھی ہوں ، اس دلخراش واقعے کی خود تحقیقات کررہا ہوں ، بلاول بھٹو زرداری کا ٹویٹ

بدھ 23 دسمبر 2015 22:17

آصف زرداری کا کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی تحقیقات ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 دسمبر۔2015ء ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ مریضوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے ا ٓئندہ ا فتتاحی تقاریب اسپتالوں میں منعقد نہ کی جائیں بلکہ ان کا انعقاد وزیراعلیٰ ہاؤس میں کیاجائے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ بسمہ کی موت پر دکھی ہوں اور واقعے کی تحقیقات خود کررہا ہوں۔

بدھ کوکراچی کے سول اسپتال میں بچی کی ہلاکت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپتال میں انتقال کرنے والی بچی بسمہ کی موت پر دکھی ہوں جب کہ اس دلخراش واقعے کی خود تحقیقات کررہا ہوں تاکہ پتہ چلے کہ غلطی کہاں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئندہ ہسپتالوں میں اپنی تقریبات نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

ا دھر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول کے باعث بچی کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ٹیلیفون کیا اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے ا ٓئندہ ایسی تقاریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں رکھی جائیں ،اسپتالوں میں افتتاحی تقاریب منعقد نہ کی جائیں۔

آ صف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ہر سندھی اور پاکستانی کی زندگی بہت عزیز ہے،انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوری انکوائری کمیٹی بنا کر 72گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔دوسری جانب ایم ایس سول اسپتال کا کہنا ہے کہ پروٹوکول نے آنے نہیں دیا، اس کا میں ذمے دار نہیں ہوں،اسپتال کا مین گیٹ کھلا تھا اگر وہ شارٹ کٹ لینا چاہتا تو لے سکتاتھا۔

واضح رہے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ ٹراما سینٹر کا افتتاح کرنے سول اسپتال پہنچے تو سخت سیکیورٹی کے باعث اسپتال میں مریضوں کا داخلہ بند کردیا گیا اوریوں 10 ماہ کی بسمہ کا علاج نہ ہوسکا اور ننھی پری نے اسپتال کے ایمرجنسی گیٹ پر ہی اپنے والد کے ہاتھ میں تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔