کپل شرما نے معروف کامیڈی پروگرام ’کامیڈی نائٹس ود کپل ‘ کو بند کرنے کا اعلان کر دیا

جمعرات 24 دسمبر 2015 12:13

کپل شرما نے معروف کامیڈی پروگرام ’کامیڈی نائٹس ود کپل ‘ کو بند کرنے ..

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 دسمبر۔2015ء ) بھارتی ٹی وی چینل کلر پر نشر ہونے والا مقبول کامیڈی شو ’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ اگلے برس یعنی 2016 میں بند ہو جائے گا۔ طنز و مزاح پر مبنی یہ ٹی وی پروگرام کافی مقبول ہے اور اس میں شاہ رخ اور سلمان خان جیسے بالی وڈ کے بڑے ستارے شرکت کر چکے ہیں۔ یہ شو اس قدر مقبول ہے کہ آئے دن بالی وڈ کے اداکار اور اداکارائیں اس میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

شو کے میزبان کپل شرما کا کہنا ہے کہ 17 جنوری کو اس شو کی آخری قسط نشر کی جائیگی۔ اطلاعات کے مطابق دو برس سے جاری اس معروف شو کو بند کرنے کا فیصلہ خود کپل شرما نے ہی کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ کپل شرما چینل کے رویے سے کافی ’ناراض‘ اور یہی وجہ ہے کہا انھوں نے اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

کپل کی ’ناراضگی‘ اسی طرز کے ایک دوسرے شو ’کامیڈی نائٹس بچاوٴ‘ کی وجہ سے ہے جسے چند ماہ قبل ہی شروع کیا گیا ہے۔

’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ کی ٹیم کا الزام ہے کہ ٹی وی چینل ان کے شو میں آنے والے فنکاروں کو نئے شو ’کامیڈی نائٹس بچاوٴ‘ میں بھی شرکت کے لیے کہا جاتا ہے۔ کپل شرما نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس متعلق بتایا کہ ’دونوں ہی شوز کے نام اور فارمیٹ تقریباً ایک ہی جیسے ہیں اور اب وہ ہماری نقل بھی کر رہے ہیں۔ ایسے میں شو پر کی جانے والی محنت بیکار ہے۔‘