Live Updates

لودھراں ضمنی انتخاب کے نتائج نے ثابت کر دیا عام انتخابات کی دال میں کچھ کالا نہیں پوری دال ہی کالی تھی ‘ پی ٹی آئی پنجاب

جمعرات 24 دسمبر 2015 12:32

لودھراں ضمنی انتخاب کے نتائج نے ثابت کر دیا عام انتخابات کی دال میں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہاہے کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ عام انتخابات کی دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی تھی ،لودھراں کی عوام نے ترقیاتی منصوبوں میں امتیازی سلوک اور اپنی محرومی کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لیا ہے اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں پورے ملک میں (ن) لیگ کا یہی حال ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے امیدوار جہانگیر خان ترین کی بھرپور کامیابی کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے جن چار حلقوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا تھا ان کے الیکشن ٹربیونلز سے آنے والے فیصلوں سے پہلے ہی ہمارے موقف کی تائید ہو چکی تھی اور اب این اے 154کے انتخابی میدان میں عوامی فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ (ن) لیگ کا مینڈیت جعلی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لودھراں میں جہانگیر خان ترین کا صدیق بلوچ سے نہیں بلکہ ریاست کی مشینری سے مقابلہ تھا لیکن عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے دھونس اوردھاندلی کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ وہ اب مزید محرومیوں کا شکار نہیں رہ سکتے۔ انتخابی نظام میں اصلاحات کیلئے بھرپور کاوشیں جاری رکھیں گے اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اوراس کے اتحادیوں کو ” واردات “ نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے بلاول بھٹو کے پروٹوکول کیوجہ سے راستوں کی بندش سے معصوم بچی کے ہسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑنے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نثار کھوڑو نے واضح کہا ہے کہ سندھ حکومت نے غریب کی بچی بلاول بھٹو کے پروٹوکول پر وار دی ،اب وقت آ گیا ہے کہ عوام سوچ بچار کریں اور اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔ غریب خاندانوں کا آسرا اور بچوں کے دنیا سے چلے جانے کے بعد حکومت کی طرف سے نوکریاں اورامداد کا اعلان فیشن بن چکا ہے جسے عوام مسترد کر دیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات