وزارت داخلہ سندھ نے رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملے پر وفاقی وزارت داخلہ کو جوابی خط لکھ دیا

جمعرات 24 دسمبر 2015 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان کشیدہ تاحال برقرار ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے وفاق کے فیصلے کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کے سیکشن آفیسر کی وفاقی سیکریٹری داخلہ کوشدید تحفظات سے بھرپورسخت زبان پر مبنی خط ارسال کردیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے 16دسمبر کو سندھ اسمبلی سے منظوری حاصل کرنے کے بعد 19 دسمبر کو وفاق کو خط لکھا اور اس موقف پرآج بھی قائم ہے۔صوبائی حکومت وفاق کے خط کے مندرجات کو سختی سے مستردکرتی ہے ۔سندھ میں ایک جمہوری اورآئینی حکومت ہے جس نے اپنا قانونی حق استعمال کیا تھا اور وفاقی حکومت سے بھی آئین کی پاسداری کی امید رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ 11اگست 2015 تک وفاق صوبائی حکومت کے حق کو تسلیم کرتی رہی ہے مگر بدقسمتی سے اب وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے بجائے معمولی معاملات میں مداخلت کررہی ہے۔آرٹیکل 147 کے تحت حکومت سندھ اگرضروری سمجھے تو بعض شرائط لگا سکتی ہے ۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیون ڈبل ای ڈبل ای کے تحت حراست میں رکھنے کے اختیارات مشروط کیے گئے ہیں ہیں۔

حراست میں لینے سے قبل حکومت سندھ کی منظوری لینا ہوگی۔ اے ٹی اے کے تحت رینجرز کو اختیارات دینا ہماری درخواست کی توہین ہے۔خط میں حکومت سندھ نے رینجرز کو وفاق کی جانب سے اختیارات دینا صوبائی خودمختاری اور آئین پر حملہ اورسندھ اسمبلی کے اختیارات پر قبضے کے مترادف قرار دیا ہے اور یہ کہ رینجرز کو آئین کے تحت دیئے گئے اختیارات کو کسی قانون یا ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے چیلنج نہیں جا سکتا۔

سندھ حکومت نے خط میں واضح طور پر کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی کی ہدایت پر عمل نہیں کر سکتی۔خط میں حکومت سندھ نے وفاق کے اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر آئینی ،غیر قانونی اور صوبائی خود مختاری کے خلاف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جو اقدام کیا وہ درست ،صحیح اور آئین و قانون کے مطابق تھا کیونکہ 18ویں ترمیم کے بعد 147کے تحت بہت سے اختیارات صوبوں کے پاس ہیں ۔

وفاق کی جانب سے سندھ کی قرارداد مسترد کرنا غیر آئینی ہے ۔سندھ حکومت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ وفاق کا رینجرز کو اختیارات دینے کا فیصلہ کے صوبے کے اختیارات کو سلب کرنے کی کوشش اور صوبائی خود مختاری کے منافی ہے ۔حکومت نے تمام کارروائی آرٹیکل 147کے تحت کی ہے ۔18ویں ترمیم کے تحت جو حق صوبوں کو ملے ہیں وہ استعمال کیے ہیں ۔سندھ حکومت جمہوری حکومت ہے جو آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے ۔

اس ضمن میں مشیر قانون سندھ مرتضی وہاب عباسی نے کہاہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں وفاق سے رینجرز کو دیئے گئے اختیارات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ صوبائی مشیر مشیر قانون نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد آئین کے آرٹیکل 147 کے اختیارات صوبوں کو اختیارات حاصل ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات 6 دسمبر کو ختم ہو گئے تھے لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو 2 ہفتے بعد سندھ اسمبلی سے منظور کرا کے رینجرز کے اختیارات کو محدود کردیا تھا۔

سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے سمری وفاق کو بھیجی تھی جسے وزارت داخلہ نے مسترد کرتے ہوئے رینجرز کے تمام اختیارات واپس بحال کر دیئے تھے۔

متعلقہ عنوان :