شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 8ویں برسی 27دسمبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

نوڈیڑو ہاوٴس میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا ،سابق صدر آصف علی زرداری کی طبعیت ناساز،تقریب میں شرکت مشکوک

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء) سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 8ویں برسی 27دسمبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔برسی کے حوالے سے ملک کے تمام اضلاع میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات ہوں گے ۔برسی کا مرکزی اجتماع گڑھی خدابخش میں ہوگا ۔اس حوالے سے پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی نے بتایا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے 26دسمبر کو لاڑکانہ پہنچنا شرو ع ہوجائیں گے ۔

برسی کی تقریبات کا آغاز27دسمبر کی صبح 9بجے قرآن خوانی سے ہوگا ۔10بجے سے 12بجے تک لنگر عام ہوگا ۔ایک بجے گڑھی خدا بخش میں مرکزی جلسہ ہوگا جس سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

5بج کر 20منٹ پر 2منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور شہید بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔5بج کر 25منٹ پر بے نظیر بھٹو اور دیگر کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی ۔6بجے نوڈیرو ہاوٴس میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا ،جس میں ملک کی صورت حال اور تنظیمی امور پر غور کیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبعیت ناساز ہے ،جس کے باعث ان کی پاکستان آمد مشکل ہے ۔