ہمیں آج امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی پہلے سے زیادہ اشد ضرورت ہے، وسیم اختر

قائدتحریک نے ہمیشہ ہمیں انسانت کا درس دیا اور اسی پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی بنیاد رکھی، منوہر لال

جمعرات 24 دسمبر 2015 20:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 دسمبر۔2015ء)25 دسمبر کرسمس کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام الطاف حسین کی رہائشگاہ المعروف نائن زیرو پر ہر سال کی طرح امسال بھی کرسمس ڈے منایا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ کرسمس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ماؤں، بہنوں، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں بچیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن سے براہ راست ٹیلیفونک خطاب کیا ۔

تقریب میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان، اراکین رابطہ کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، کمال ملک، ریحانہ نسرین، محمد حسین اور ارشد حسن، حق پرست نامزد میئر برائے کراچی وسیم اختر، ایم کیو ایم کی مرکزی اقلیتی امورکمیٹی اور دیگر شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کرسمس ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ہمیں آج امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی پہلے سے زیادہ اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب ہمیں انسانیت اور امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک نے ہمیشہ یہی درس دیا کہ ہمیں بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب و فقہ کے صرف اور صرف انسانیت کی بنیاد پر ہر انسان کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائدتحریک الطا ف حسین کے فکر و فلسفے نے ملک بھر کے عوام کوایک گلدستے کے مانند بنادیا ہے جس میں تمام مذاہب اور ہر رنگ و نسل کے افراد شامل ہیں۔

اس موقع پر ایم کیو ایم اقلیتی امور کے انچارج منوہرلال نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ ہمیں انسانت کا درس دیا اور اسی پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کی بنیاد رکھی جہاں سے بلاتفریق نسل و مذہب ہر انسان کی خدمت کی جارہی ہے۔ اس موقع پر پادری انور جاویدشیفرڈ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین پاکستان کے واحد لیڈر ہے جن کے دل میں تمام مذہب و رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے یکساں محبت و عقیدت ہے اور یہی وجہ ہے کہ چاہئے سکھ برادری کا مذہبی تہوار ہو، ہندو برادری کا مذہبی تہوا ر ہو یا عیسائی برادری کا مذہبی تہوار ہو انہوں نے تمام مذاہب کے تہوار اپنے گھر نائن زیرو پر منعقد کرکے بھائی چارے کی وہ مثال قائم کی ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

اس موقع کرسمس ڈے کے سلسلے میں الطاف حسین کی رہائشگاہ نائن زیرو کو برقی قمقموں کرسمس ٹری سے سجایا گیا اور نائن زیرو کے سامنے پنڈال اور اسٹیج بنایا گیا جبکہ شرکاء کے لئے خصوصی کرسیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر بچوں اور بچیوں نے سانٹا کلاوٴس کے ساتھ سیلفیاں بنائی اور ساتھ ہی ان میں ٹافیاں، بسکٹس اور دیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے جبکہ اس موقع پر مختلف چرجز کی ٹیموں نے ویلکم سونگ اور کرسمس کی مناسبت سے خصوصی ٹیبلو بھی پیش کیا۔ اس موقع الطاف حسین نے شرکاء سے خصوصی خطاب بھی کیا اور پوری دنیا میں بسنے والے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد بھی پیش کی۔