حافظ نعیم الرحمن کا سینٹ پیٹرک چرچ اور ہولی ٹرینیٹی چرچ کا دورہ پھول اور کیک پیش کیے گئے ،بشپ جوزف کڈس ،فادر ڈائیوو اور بشپ صادق ڈینیئل سے ملاقات کی،کرسمس کی آمد پر مبارکباد دی

ہر مذہب امن و محبت کی دعوت دیتا ہے ،مشترکات پر چلنے کی ضرورت ہے،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی گفتگو

جمعرات 24 دسمبر 2015 21:36

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 دسمبر۔2015ء ) کرسمس کی آمد کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دینے کے لیے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سینٹ پیٹرک چرچ صدر اور ہولی ٹرینیٹی کیتھیڈرل چرچ کا دورہ کیا اوربشپ جوزف کڈس ،فاور صالح ڈائیوو اور بشپ صادق ڈینیئل سے ملاقات کی اور ان کو پھول اور کیک پیش کیے اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اقلیتی امور کے نگراں مسلم پرویز ،جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ ،پرویز برکت اور دیگر بھی موجود تھے ۔

بشپ جوزف کڈس اور بشپ صادق ڈینیئل نے حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماوٴں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا جماعت اسلامی کے رہنماوٴں نے ان کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے امن ومحبت ، اخوت اور رواداری کی تعلیم دی ہے ۔

(جاری ہے)

ہر مذہب امن اور محبت کی تعلیم دیتا ہے اور یہی ہمارے درمیان مشترکات ہیں ۔

ضروری ہے کہ ہم مشترکات پر عمل کریں اور اخوت ومحبت اور امن کو فروغ دیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انبیاء علیہ السلام پر ایمان لانا ضروری ہے ۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ تمام اقلیتوں کے ساتھ روداری کا رویہ رکھا ہے اور جب کبھی بھی اقلیتوں کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تو جماعت اسلامی نے آگے بڑھ کر اقلیتوں کا ساتھ دیا اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔جماعت اسلامی اپنی پالیسی پر آئندہ بھی عمل پیرا رہے گی ۔