وطن عزیز کے استحکام وسلامتی کے لئے ظلم اور استحصال برداشت کررہے ہیں،سلیم خان قادری

جمعرات 24 دسمبر 2015 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 دسمبر۔2015ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر، مرکزی انجمن سیرت النبی گلبہار کے چیئرمین اور ممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خان قادری ترابی نے عید میلادالنبی پرگلبہارسے نکلنے والے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے جذبات کو سمجھاجائے ،وطن عزیز کے استحکام وسلامتی کے لئے ظلم اور استحصال برداشت کرتے آرہے ہیں کیونکہ ہم اہلسنّت حنفی بریلوی ہی مملکت خدادپاکستان کے حقیقی وارث ہیں، اس ملک کو حاصل کرنے میں عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کا کردارکسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، عوام اہلسنّت حنفی بریلوی پرپاکستان کے ارباب حل وعقد کے مظالم بھی صفحہء اول پر لکھے ہوئے ہیں، صبروتحمل برداشت درگزرکی تاریخ بھی عوام اہلسنّت نے رقم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو پاکستان بنانے کی سزادینے کے لئے سازشوں کے جال پھیلانے والوں کے چہرے بھی کسی سے چھپے ہوئے نہیں ہیں، اکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی پاکستان کی سالمیت استحکام ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیشہ سرگرم عمل رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف ہونے والی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عمل بھی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھاجائے گا، ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومتی سطح پر کئے جانے والے تمام اقدامات کی قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں، اور حکومتی اداروں میں بیٹھے صاحب اختیارلوگوں کو اپنی تجاویز بھی دے چکے ہیں، قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی عوام اہلسنّت کو پاکستان بچانے کے لئے منظم کررہے ہیں، حکومت نے لاؤڈ اسپیکر آرڈیننس کے ذریعے عوام اہلسنّت میں اشتعال پیداکرکے اکابرین اہلسنّت کی کاوشوں پر پانی پھیردیاہے ،ہم منتخب ایوان، عدلیہ اور مسلح افواج کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہمیں ان اداروں کو مستحکم دیکھناچاہتے ہیں ان اداروں کے تحفظ کے لئے ہمارے قائدین اور اکابرین نے بڑی بڑی قربانیں پیش کی ہیں، ان اداروں میں بیٹھے صاحب اختیارلوگوں ہم واضح کردیناچاہتے ہیں کہ میلادشریف کی محافل سجاناہمارے ایمان کا حصہ ہے، میلادشریف کا پیغام امن محبت اور بھائی چارے کا ہوتاہے،محفل نعت ہویاجلسہء عید میلادالنبی یابزرگان دین کے اعراس کی محافل ہوں ان سب کا واحد مقصد یہ ہوتاہے کہ عام مسلمان عاشق رسول اور محب اولیاء کرام ہوجائے اور اپنی زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق گزارے ،اسلام کی تعلیم ہی یہ ہے کہ پڑوسیوں کا خیال رکھاجائے، مظلوموں ،مجبوروں کی مددکی جائے ،تمام مذاہب کا احترام کیاجائے، میلادشریف کی محافل میں پاکستان کی سلامتی کی دعائیں کی جاتی ہیں ، دشمنان دین وملت کبھی یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان کے استحکام ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کیاجائے ہم سمجھتے ہیں کہ لاؤڈ اسپیکر کا غیر ضروری استعمال یقیناً قابل جرم ہوناچاہئے ،مگر میلادشریف کے اہتمام میں اس کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہئے ۔

محمدسلیم خان قادری ترابی نے واضح کیاکہ پورے ملک میں عوام اہلسنّت بیدارہوچکے ہیں،قائدین واکابرین ایک پلیٹ فارم پر متحدہونے کے عمل پر گامزن ہیں، مرکزی میلادالائنس پاکستان کے اکابرین ملک بھرکے قائدین اکابرین علماء کرام اور مشائخ عظام کو متحرک کرنے کے لئے گزشتہ کئی سالوں سے کوششیں کررہے ہیں اور اب انشاء اللہ تعالیٰ وہ وقت آن پہنچاہے کہ میلادشریف کا اہتمام کرنے والے اس ملک کے چپے چپے پر اپنے اتحادکا مظاہرہ کرتے ہوئے ساٹھ سال سے غصب شدہ حقوق حاصل کرنے کے لئے میدان عمل میں ہوں گے، اب بھی وقت ہے کہ صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف ،آرمی چیف راحیل شریف اور دیگر ارباب اقتدار عوام اہلسنّت کے حقوق دینے کے لئے قائدین وکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی کو اعتماد میں لے لیں ،اراکین مرکزی میلادالائنس پاکستان اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

اس موقع پر ناصر حسین خان، حاجی مرزامحمدمبین بیگ، صاحبزادہ محمدصادق قریشی، محمددلاور، عتیق احمدصدیقی، عبدالکریم غوری، عمران فیاض قادری، صاحبزادہ آصف خاں نقشبندی ودیگر بھی ہمراہ تھے۔