پیپلزپارٹی رینجرزکے اختیارات محدودکرکے عوامی تائیدکھو چکی ،مشروط اختیارات کراچی آپریشن کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے‘مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر کا بیان

جمعرات 24 دسمبر 2015 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی رینجرزکے اختیارات محدودکرکے عوامی تائیدکھو چکی ہے۔ مشروط اختیارات کراچی آپریشن کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔ اگروفاق نے رینجرزکے اختیارات بحال نہ کئے ہوتے تو کراچی کا امن داؤپرلگ سکتا تھا۔ پورے ملک اور شہر کے عوام کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے حق میں ہیں لیکن پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کرپٹ عناصر کو بچانے کے لئے غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جس سے عوام میں اشتعال پھیل رہا ہے۔

جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رینجرزاور پولیس نے شہر قائد میں بحالی امن کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن سندھ حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جوانوں کی قربانیاں نظرانداز کر کے عوامی جذبات مجروح کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

رینجرزاورپولیس کی کاوشوں سے خداخداکرکے یہاں امن وآشتی کی فضابحال ہوئی ہے ۔ لوگ نہیں چاہتے کہ کراچی ایک بار پھر اسی ڈگر پر چلے جس پر دوسال پہلے چل رہاتھا۔

ہم سندھ میں پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ وہ من مانیاں کرتی رہے اور وفاق کے خلاف محاذآرائی کرکے دھونس اور دھمکی کی زبان استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے رینجرز کے اختیارات سے متعلق قرارداد عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے اور لوگ سمجھنے لگے ہیں کہ پیپلزپارٹی کواپنے ہی صوبے میں امن سے کوئی دلچسپی نہیں۔

وفاقی حکومت قیام امن اور کرپشن کے خاتمہ کے لئے آخری حدتک جائے گی اور جو بھی قیام امن کی راہ میں آئے گا عوام خوداس کامحاسبہ کریں گے۔علی اکبرگجرنے مزیدکہا کہ صوبائی حکومت کراچی آپریشن میں روڑے نہ اٹکائے اور وفاق سے محاذ آرائی کی بجائے عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔سندھ کے عوام مسائل کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں اور لگتا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں امن اور ترقی نہیں۔

متعلقہ عنوان :