علمائے کرام کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ‘ صدرممنون حسین

ہفتہ 26 دسمبر 2015 14:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ علمائے کرام کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنی تقاریر میں قوم کو کرپشن اور بدعنوانی سے نجات حاصل کرنے کا پیغام دیں کیونکہ یہ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے، کرپشن سے نہ صرف ملک کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ یہ کرپشن میں ملوث افراد کے لئے بھی رسوائی و تذلیل کا باعث ہے۔

وہ گزشتہ شب اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں عید میلاد النبی‘ اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح‘ کے یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں حضرت محمد مصطفی‘ کی تعلیمات اور پیغامات کو مزید فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح‘ کا 25 جنوری 1948ء کو کراچی بار ایسوسی ایشن سے خطاب کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ”قائد اعظم نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی حضرت محمد‘ کا احترام و تعظیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور ہمیشہ اسلام کا قلعہ رہے گا۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح‘ کے فروری 1948ء کو امریکی ریڈیو کو دیئے گئے انٹرویو کا حوالہ بھی دیا جس میں قائد اعظم نے کہا کہ آئین ساز اسمبلی پاکستان کا آئین تیار کر رہی ہے اور یہ یقینی ہے کہ آئین میں اسلام کے وہ بنیادی اصول ضرور سمو دیئے جائیں گے جو نبی کریم‘ نے 1300 سال پہلے دیئے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا اور اس کے آثار بھی نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جس کی تکمیل سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے اس حوالے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کا حوالہ دیا جس میں گوادر پورٹ، گوادر ایئر پورٹ اور توانائی کے کئی منصوبوں بشمول دیگر منصوبے شامل ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ عوام ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ یہ قومی منصوبے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کی روشنیوں کو دوبارہ بحال کریں۔ تقریب سے مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی، علامہ شاہ تراب الحق قادری، ڈاکٹر محسن نقوی، مولانا محمد سلفی اور سینئر صحافی زاہد ملک نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں نبی کریم‘ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی‘ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا نجات کا ذریعہ ہے، ہمیں نبی کریم‘ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگی گزارنی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :