کراچی، ایف پی سی سی آئی انتخابات،بزنس مین گروپ حصہ لے رہا ہے نہ کسی کو سپورٹ کررہا ہے، سراج تیلی

ہفتہ 26 دسمبر 2015 17:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) بزنس مین گروپ کے چیرمین و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے حوالے سے بزنس مین گروپ کی پالیسی وہی ہے جو پچھلے سال رہی جس کی مطابق بزنس مین گروپ نہ تو اس سال بھی کسی کو سپورٹ کررہا ہے اور نہ ہی انتخابات میں حصہ لے رہا ہے ۔

میڈیا کو جاری ایک بیا ن میں سراج تیلی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہمارا یہی ماننا ہے اور ہم یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ تاحال ایف پی سی سی آئی میں جعلی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز موجود ہیں۔ سراج تیلی نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے والے دونوں گروپوں کی قیادت کو سراہا جنہوں نے بزنس مین گروپ سے سپورٹ طلب کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ ایف پی سی سی آئی کو جعلی و بوگس ایسوسی ایشنز اور چیمبرز سے پاک کر دیں گے تاہم انھوں نے بی ایم جی کی پالیسی کے تحت دونوں گروپوں کو ایف پی سی سی آئی کے آنے والے انتخابات میں سپورٹ کرنے سے معذرت کر لی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وہ یہ ضرور دیکھیں گے کہ کون سا گروپ ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈینس 2013 پر پوری طرح عملدرآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور جعلی و بوگس ایسوسی ایشنز اور چیمبرز سے نمٹنے میں کامیاب ہوتا ہے کیونکہ دونوں ہی گروپوں کے سائے تلے بھی کئی ایسی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز موجود ہیں۔ سراج تیلی نے کہا کہ رحیم جانو سے دوستانہ اور خاندانی تعلقات کی وجہ سے گزشتہ پورے سال میں کئی بارایسے مواقع آئے جب رحیم جانو نے انہیں ایف پی سی سی آئی آنے کی دعوت دی تاہم بی ایم جی کی پالیسی کے تحت انھوں نے رحیم جانو کو مبارکباد دینے کے لئے بھی ایف پی سی سی آئی کا دورہ نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :