ٹنڈو الہ یار، بلدیاتی الیکشن میں حق پرست امیدواران کی کامیابی تحریکی جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی،عبدالحسیب خان

ہفتہ 26 دسمبر 2015 17:39

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب خان نے کہا ہے کہ حق پرستی کی تحریک شہیدوں کی امانت ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں حق پرست امیدواران کی کامیابی تحریکی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو الہ یار زون کے یونٹ ذمہ داران اور حق پرست بلدیاتی امیدواران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ رابطہ کمیٹی کے رکن اقبال مقدم ، سندھ تنظیمی کمیٹی کاانچارج عمر قریشی ، اراکین نبیل احمدخان، شیراز مسعود ، شفیق احمد ، قائم مقام زونل انچارج عبدالرحمان ایڈوکیٹ و اراکین زونل کمیٹی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کے نظریئے کا فروغ ہم تمام کا مشن و مقصد ہے۔

(جاری ہے)

حق پرستی کی تحریک میں ایک گلدستے کی مانند تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہو چکے ہیں۔

رکن رابطہ کمیٹی اقبال مقدم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقصد کی کامیابی کے لئے محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہے ۔حق پرست بلدیاتی امیدواران کی بلدیاتی امیدواران کی کامیابی کے لئے تمام ذمہ داران اور کارکنان مل کر جدوجہد کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ سندھ کے دیگر شہری علاقوں کی طرح ٹنڈو الہ یار میں بھی حق پرست امیدواران تاریخ ساز کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے حق پرست امیدواران کو کامیابی سے ہمکنار کروانا ہو گا۔ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح ٹنڈو الہ یار میں بھی میونسپل مسائل کا انبار موجود ہے۔ ان مسائل کے دیرپا حل کے لئے قائد تحریک الطاف حسین کا وژن انتہائی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج عمر قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حالات میں ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم احسا س ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ بلدیاتی الیکشن کے توسط سے عوام کے درمیان جائیں اور انہیں ووٹ کی طاقت سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے ووٹ کی طاقت کا احساس نہ کیا تو اگلے پانچ سال مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔