سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 8ویں برسی کل منائی جائے گی

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں وفاق کی صوبے میں مداخلت سمیت دیگر امور پر غور کیا جائے گا

ہفتہ 26 دسمبر 2015 19:41

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 8ویں برسی کل (اتوار)منائی جائے گی ۔اس حوالے سے مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی ۔برسی کی تقریبات کا آغاز صبح 9بجے قرآن خوانی سے ہوگا جبکہ جلسہ عام ایک بجے منعقد ہوگا ،جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

برسی کی تقریبات شام 6بجے تک جاری رہیں گی ،جس کے بعد پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس نوڈیرو ہاؤس میں ہوگا ۔اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال خصوصاً وفاق کی جانب سے سندھ کے خلاف کی جانے والی انتقامی کارروائیوں ،رینجرز کے اختیارات پر سندھ حکومت کی سفارشات کو نظرانداز کرنا ،وفاق کی صوبے میں مداخلت اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی وفاقی حکومت کی مداخلت کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کرسکتی ہے ۔اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد عوامی احتجاج اور عدالت سے رجوع کرنے پر غور کیا جائے گا ۔