ملک میں قیام امن اور استحکام پاکستان کیلئے نظام مصطفی ؐ کانفاذ اور تعلیمات نبوی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے

نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب

ہفتہ 26 دسمبر 2015 20:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 دسمبر۔2015ء) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہاکہ ملک میں قیام امن اور استحکام پاکستان کیلئے نظام مصطفی ؐ کانفاذ اور تعلیمات نبوی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد رحمانیہ طارق روڈ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ نے ہمیں اَخوت ، محبت ، بھائی چارگی اور امن کی دعوت کو عام کرنے کا درس دیا ہے، ایسے حالات میں جہاں ہرجگہ دہشت گردی کا خطرہ ہووہاں پُرامن طریقے سے میلادالنبی ؐ کے جلسہ وجلوسوں کے انعقادسے یہ ثابت ہوگیاکہ پاکستان شمع رسالت کے پروانوں کاگہوارہ ہے اور غلامان مصطفی ہمیشہ سے پرامن رہے ہیں۔انہوں نے ملک بھرمیں عقیدت ،محبت واحترام سے آقا کریم ؐ کا میلادمذہبی جو ش و جذبے سے منانے والی تمام مذہبی ،دینی تنظیمات اور مختلف کمیٹیوں کو جشن عید میلادالنبی ؐ میں چراغاں، میلاد مصطفی کانفرنسس ، محافل نعت ، ریلیاں ، جلسے جلوس اور میلاد النبی ؐ کا جلسہ پُر امن طریقے سے منعقد کرنے پر مبارکبادپیش کی اور اُنہوں نے حکومت اورپرنٹ میڈیااورالیکٹرانک میڈیاکابھی شکریہ اداکیا کہ انہوں نے میلاد النبی ؐ کے پروگرامات جلسے جلوس اور دیگر پروگرامات کرنے والوں کے ساتھ تعاون کیا۔

(جاری ہے)

حاجی محمد حنیف طیب نے امن وامان کی صورتحال کو کنڑول کرنے میں پاک فوج ،رینجرز،پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔اجتماع سے تحریک منہاج القرآن سندھ کے سرپرست ڈاکٹرخواجہ محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں کو بے شمارچیلنجزکا سامنا ہے ،سیاسی ،معاشی ومعاشرتی مسائل ،غربت ،بے روزگاری ،طبقاتی کشمکش،دہشت گردی ،ان مسائل میں امت مسلمہ گھری ہوئی ہے ،حضور اکرم ؐ کی حیات طیبہ کوسامنے رکھ ان تمام مسائل اور چیلنجزسے نکلاجاسکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ حاجی محمد حنیف طیب سے میرا بہت پُرانا رشتہ ہے اور ملک بھر میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے نام سے سماجی خدمات پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ جامع مسجد رحمانیہ کے خطیب علامہ نفیس حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسول اکرم ؐ کی ذات گرامی مسلمانوں کیلئے سب سے محبوب ترین ہستی ہے ،آپ سے محبت اس کے ایمان کاجزہے،آپ ؐ رہتی دنیا تک کیلئے سرچشمہ ہدایت ہیں دونوں جہانوں کی کامیابی آپ ؐ کے دامن سے وابستہ ہے،انہوں نے کہا کہ آج ہماری کامیابی ہے کہ دنیا بھر میں غیر مسلم بھی ہمارے پیارے آقا ؐ کا میلاد منانے والوں کو ہر قسم کی سہولت مہیا کرتے ہیں اور جلوسوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :