پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی لیاری آمد، 8 ماہ کی بچی بسمہ کے انتقال پر تعزیت

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہفتہ کو لیاری جا کر 8 ماہ کی بچی بسمہ کے انتقال پر تعزیت کی ۔ واضح رہے کہ چار روز قبل بسمہ کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اس کا والد سول اسپتال لے گیا تھا لیکن سول اسپتال میں ٹراما سینٹر کے افتتاح کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی آمد کی وجہ سے سخت سکیورٹی تھی اور سکیورٹی اہلکاروں نے بسمہ کے والد کو اسپتال نہیں جانے دیا اور بسمہ کا انتقال ہو گیا ۔

بلاول بھٹو زرداری لیاری بسمہ کے گھر پہنچے اور اس کے والد ، والدہ ، دادا ، دادی اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے غمزدہ خاندان کو بتایا کہ بسمہ کے انتقال کی خبر سن کر وہ سخت غم و غصے کا شکار ہوئے اور انہوں نے فوری طور پر اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان کا ہر بچہ میرے بھائی اور بہنوں کی طرح ہے اور میں بسمہ کے والدین کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں ۔

بلاول بھٹو نے غمزدہ خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ کو عام کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔ بلاول ہاؤس کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق غمزدہ خاندان بلاول بھٹو زرداری کو اپنے درمیان دیکھ کر حیرت کا شکار ہو گیا اور کہا کہ وہ یہ محسوس کر رہے ہیں کہ جیسے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ان کے گھر آ گئی ہوں ۔

بسمہ کے اہل خانہ نے کہا کہ شہید بی بی کسی اطلاع کے بغیر اکثر لیاری کا دورہ کرتی تھیں اور ان کی لیاری کے عوام کے ساتھ گہری وابستگی تھی ۔ بسمہ کی دادی نے بلاول کو گلے لگایا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بسمہ کے خاندان کا خیال رکھا جائے گا ۔ ان کے ہمراہ جمیل سومرو اور دیگر بھی تھے ۔ بلاول بھٹو نے اتنی ہی گاڑیوں کے ساتھ لیاری کا دورہ کیا ، جتنی گاڑیوں کے ساتھ وہ ٹراما سینٹر گئے تھے لیکن کوئی ٹریفک جام نہیں ہوا ۔