جمعیت علمائے اسلام (ف) کی طرف سے شہید بے نظیر بھٹو کی برسی میں جانے والے قافلوں کو روکنا افسوس ناک ہے ، ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ

سندھ حکومت ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا کیس فوجی عدالت میں بھیج رہی ہے ، وفاقی وزارت داخلہ پر منحصر ہے وہ فوجی عدالت میں بھیجتی ہے یا نہیں،ترجمان

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 دسمبر۔2015ء ) وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقتول رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا کیس فوجی عدالت میں بھیج رہی ہے اور اب یہ وفاقی وزارت داخلہ پر منحصر ہے کہ وہ اس کیس کو فوجی عدالت میں بھیجتی ہے یا نہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما راشد محمود سومرو کی طرف سے ہفتہ کو دھرنے دینا اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شرکت میں جانے والے قافلوں کو روکنا افسوس ناک ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ لگتا ہے کہ راشد محمود سومرو اور ان کے لوگ کسی اور کا ایجنڈا پورا کرنے کے لیے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر گڑ بڑ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ یہ سیاست نہیں بلکہ غیر سیاسی عمل ہے اور سیاسی لوگوں کو زیب نہیں دیتا ہے ۔