ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ

مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ ہی موسم مزید سرد ،سندھ اور پنجاب کے شہروں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بیماریاں پھیلنے لگیں ، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ،کوئٹہ ڈویڑن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان

اتوار 27 دسمبر 2015 11:44

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 دسمبر۔2015ء ) ملک کے بالائی علاقوں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا،غذر میں دیڑھ فٹ تک برف پڑ گئی جس کے باعث بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں مطلع ابرالود ہو گیا ،مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ ہی موسم مزید سرد ہو گیا،سندھ اور پنجاب کے شہروں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بیماریاں پھیلنے لگیں ،موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ،کوئٹہ ڈویڑن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔

ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں پاراچنار منفی 10 ، گوپس، سکردو منفی 06، گلگت ، استور ، ہنزہ ، مالم جبہ منفی 04، قلات منفی 03، دیرمنفی 02 ، کالام ،مری، بارکھان میں منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے گئے۔

(جاری ہے)

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد ، خشک اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ،کوئٹہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش / برفباری کا امکان۔

پنجاب کے بعض میدانی علاقوں ، پشاور اور سکھر ڈویژن میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ملک کے بالائی علاقوں ،استور،غذر سمیت دیگرشہروں میں وقفے وقفے سے بارش برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔دیامر کے بالائی پہاڑی علاقوں بابو سرٹاپ اور بٹوگاہ ٹاپ،نیاٹ ویلی اور نانگا پربت پر برفباری سے سردی اور زیادہ بڑھ گئی ۔ضلع غذر میں گزشتہ رات سے برفباری جاری رہی اور اب تک دیڑھ فٹ کے قریب برف پڑچکی جس کے باعث بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

ادھر استور میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ۔دوسری جانب چمن سمیت شمالی بلوچستان میں مطلع ابرالود ہو گیا ہے ،مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے ساتھ ہی موسم مزید سرد ہو گیا۔ سندھ اور پنجاب کے شہروں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔