سال 2015 میں کرکٹ کے حوالے سے رونما ہو نے والے واقعات

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اور اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی پیسر محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی ممکن ہوئی، مائیکل کلارک بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت ہوگئے، کیون پیٹرسن کے انگلش کیریئر کا قصہ تمام ہوا،ڈی ویلیئرز نے تیزترین ففٹی، سنچری اور 150رنز بنانے کے عالمی ریکارڈز قائم کیے

اتوار 27 دسمبر 2015 17:02

سال 2015 میں کرکٹ کے حوالے سے رونما ہو نے والے واقعات

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 دسمبر۔2015ء) سال 2015 میں کرکٹ کے حوالے سے محتلف واقعات رونما ہوئے جن میں پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ممکن ہوئی، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی پیسر محمد عامر کی مسابقتی کرکٹ میں واپسی ممکن ہوئی، مائیکل کلارک بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت ہوگئے، کیون پیٹرسن کے انگلش کیریئر کا قصہ تمام ہوا،ڈی ویلیئرز نے تیزترین ففٹی، سنچری اور 150رنز بنانے کے عالمی ریکارڈز قائم کیے، جگموہن ڈالمیا اور رچی بینو دنیا سے چل بسے، ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سال 2015 پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ممکن ہوئی،6 برسوں میں پہلی بار لاہورمیں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ممکن ہوا، ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو شکست سے دوچار کیا، پاکستان گذشتہ 6 برسوں سے غیرملکی کرکٹ ٹیموں کیلیے ’ نوگو‘ علاقہ بنا ہوا تھا، 2009 میں سری لنکن ٹیم کی بس پرحملے کے بعد زمبابوے یہاں آنے والی پہلی انٹرنیشنل ٹیم بنی ، اسی طرح اسپاٹ فکسنگ میں جیل کی سزا اور آئی سی سی کی جانب سے 5 سالہ پابندی سزا بھگتنے کے بعد لیفٹ آرم پیسر محمد عامر کی کھیل میں واپسی ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس سال نائٹ ٹیسٹ کا خواب شرمندہ تعبیر تک پہنچ گیا، اس حوالے سے کئی برسوں سے قیاس آرائیاں جارہی تھی لیکن نومبر میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ایسے میچ کا انعقاد ممکن بنادیا، کینگروز نے یہ مقابلہ جیتا،اسے دیکھنے کیلیے مجموعی طور پر123,736 شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔میچ تین دن میں مکمل ہوا،رواں برس وہ 2010 میں دورئہ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں گرفت میں آئے تھے، آسٹریلیا نے مشترکہ میزبان نیوزی لینڈ کو فائنل میں 7 وکٹ سے شکست دیکر پانچویں مرتبہ ریکارڈ ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا، کینگروز کی اس فتح میں فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کلیدی کردار ادا کیا، لیفٹ آرم پیسر نے ایونٹ میں 22وکٹیں اپنے نام کیں، ایشز میں آسٹریلیا کی کہانی اس سے بالکل مختلف رہی، انگلینڈ نے ہوم گراوٴنڈ پر کینگروز کو پچھاڑ کر روایتی ٹرافی اپنے قبضے میں رکھی، 1896 کے بعد آسٹریلوی ٹیم کیلیے انگلینڈ سے اوے سیریز میں لگاتا چوتھی شکست کا یہ پہلا واقعہ رہا، انگلینڈ نے ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

اس مقابلے میں اسٹورٹ براڈ نے 15رنز کے عوض 8وکٹیں لیکر ہوم کراوٴڈ سے خوب داد سمیٹی، اس شکست پر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، وہ رواں برس ریٹائرڈ ہونے والے کئی آسٹریلوی پلیئرز میں سے ایک رہے، ان کے علاوہ ریان ہیرس، کرس روجرز، بریڈ ہیڈن، مچل جونسن اور شین واٹسن ( صرف ٹیسٹ ) سے بھی ریٹائر ہوئے ہیں، جنوبی افریقی نڑاد انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن کا انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

جنوبی افریقہ 9 برسوں میں پہلی بار کسی اوے سیریز میں ناکامی سے دوچار ہوا، انھیں بھارت نے ہوم گراوٴنڈ پر 3-0 سے مات دی، پروٹیز موہالی، بنگلور اور ناگپور میں جدوجہد کرتی دکھائی دی، بھارت نے رواں برس دورئہ سری لنکا میں خسارے میں جانے کے بعد ٹیسٹ سیریز 2-1 سے جیتی،یہ سری لنکا میں بھارت کی 22 برسوں میں پہلی سیریز فتح شمار ہوئی، سری لنکا نے رواں برس کمار سنگاکار اور مہیلا جے وردنے کو خداحافظ کہا، دونوں غیرمعمولی بیٹسمین انٹرنیشنل کرکٹ کے افق سے غائب ہوگئے۔

جنوبی افریقی بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ورلڈ کپ میچ میں 64 گیندوں پر 150رنز بناکر تیز ترین اننگز کھیلی، ڈی ویلیئرز نے رواں برس اسی ٹیم کیخلاف جوہانسبرگ میں تیزترین ففٹی اور تیزترین سنچری کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا ہے، رواں برس بنگلہ دیش ٹیم کیلیے نہایت شاندار رہا، انھوں نے عالمی کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس دی، ورلڈ کپ میں بنگال ٹائیگرز نے انگلینڈ کی چھٹی کرکے سب کو حیران کیا، اس کے بعد کئی ون ڈے ہوم سیریز میں انھیں فتح ملی، کرپشن پکڑے جانے کا سلسلہ رواں برس بھی جاری رہا، آئی پی ایل فرنچائزز چنئی سپرکنگز اور راجستھان رائلز کو ایونٹ سے دو برس کیلیے معطل کردیاگیا۔

اس کا تعلق 2013 میں منظرعام پر آنے والے فکسنگ اسکینڈل سے رہا، جس میں ٹیم مالکان گروناتھ میاپن اور راج کندرا کو سٹے بازی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث پایاگیا، گروناتھ میاپن کے سسر نارائن سوامی سری نواسن کو آئی سی سی چیئرمین شپ سے بھی الگ ہونا پڑگیا، نومبر میں سابق کیوی آل راوٴنڈر کرس کینز کیخلاف عدالت میں للت مودی سے مقدمے میں جھوٹا حلف نامہ داخل کرانے پر عدالتی کارووائی بھی ہوئی، اس دوران برینڈن میک کولم سمیت کئی انٹرنیشنل پلیئرز نے کینز کیخلاف عدالت میں میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی گواہی دی، تاہم عدالت نے انھیں کلین چٹ دے دی۔

کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے بھی گذشتہ دنوں عالمی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا، تاہم وہ آئندہ برس فروری میں آ سٹریلیا سے ہوم سیریز کے بعد کھیل سے رخصت ہوں گے، انھوں نے واضح کیا کہ میری ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا کرس کینز مقدمے میں گواہی دینے سے کوئی تعلق نہیں ہے، رواں برس آئی سی سی کے سابق بھارتی سربراہ جگموہن ڈالمیا بھی 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، انھوں نے بھارت کو کرکٹ کا معاشی پاور ہاوٴس بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، کئی سابق کرکٹرز ٹام گریونے ( 88 سال )، فرینک ٹائیسن(85) ، برائن کلوز(84) اور آرتھر موریس (93) بھی دنیا سے چل بسے، اپریل میں سابق آسٹریلوی کپتان رچی بینو بھی 84 برس کی عمر میں کوچ کرگئے، انھوں نے براڈ کاسٹنگ کی دنیا میں نمایاں مقام بنایا تھا۔

۔بزمی