یاسر شاہ معصوم ہے ذمہ دار پی سی بی کا میڈیکل پینل ہے ڈاکٹر نعمان نیاز

پیر 28 دسمبر 2015 12:31

یاسر شاہ معصوم ہے  ذمہ دار پی سی بی کا میڈیکل پینل ہے  ڈاکٹر نعمان نیاز

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے سابق آفیشل اور معروف مبصر ڈاکٹر نعمان نیاز نے ڈوپ ٹیسٹ کے سبب معطلی کا شکار لیگ اسپنر یاسر شاہ کو معصوم گردانتے ہوئے ذمہ دار پی سی بی کے میڈیکل پینل کو قرار دیدیا گیا ۔ایک انٹرویو میں ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ یاسر شاہ کے نمونے میں جس دوا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کھلاڑی بذات خود بالکل بے قصور ہے اور اس معاملے پر پاکستانی ٹیم کے میڈیکل پینل اور فزیو بریڈ رابنسن کو الٹا ٹانگ دینا چاہیے کیونکہ وہ ہی اس کے ذمے دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یاسر کو پیشاب آور کلورو تھایو زائیڈ نامی دوائی دی گئی اور یہ ایسے وقت دی جاتی ہے جب کھلاڑی کو کوئی انجری لاحق ہو انجری کے باعث ہونے والے درد کو ختم کرنے کیلئے کھلاڑی کو ایسٹیرائیڈ(ممنوعہ ادویہ) لگا دی گئی اور پھر اس دوا کو جسم سے خارج کرنے کیلئے کلورو تھایو زائیڈ کا استعمال کیا گیا جو ان کے نمونے میں آ گئی۔

(جاری ہے)

نعمان نیاز کے مطابق اگر اس طرح کی ادویہ کے استعمال کی اشد ضرورت ہو تو اس کیلئے پہلے واڈا اور متعلقہ حکام سے اجازت لینی ہوتی ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اس طرح کی دوائی شین وارن کو بھی لگائی گئی تھی اور ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے باعث وہ ورلڈ کپ 2003 میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔معروف مبصر کے مطابق یاسر اس سزا کے خلاف اپیل کر کے اپنا دوسرا نمونہ ٹیسٹ کرا سکتے ہیں لیکن یہ ٹیسٹ بھی مثبت آنے کی صورت میں انہیں دو سے چار سال پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے اسے بدترین نااہلی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پر شعبے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مزید واقعات سے بچا جا سکے کیونکہ محض ڈپلوما کے حامل معمولی فزیو تھراپسٹ اپنی کارکردگی کو بہتر دکھانے کیلئے کھلاڑیوں کو اس طرح کی ادویہ دے کر ان کے کیریئر کر نقصان پہنچاتے ہیں۔

ڈاکٹر نعمان نے کہا کہ یہ پابندی پاکستان کرکٹ بورڈ، میڈیکل پینل، ٹور مینجمنٹ اور فزیو تھراپسٹ بریڈ رابنسن کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے اور ٹیم ڈاکٹر اور فزیو کی انکوائری کی جانی چاہیے کہ انہوں نے کھلاڑی کو ممنوعہ ادویہ کیوں استعمال کرائی۔