سیاستدانوں نے غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کو سفید دھن میں تبدیل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں

پیر 28 دسمبر 2015 13:07

سیاستدانوں نے غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کو سفید دھن میں تبدیل ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28دسمبر۔2015ء) ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کو سفید دھن میں تبدیل کرنے کے لئے سیاستدانوں ، بیوروکریٹ اور تاجروں نے تیاریاں مکمل کرلیں ۔ ذرائع کے مطابق سیاستدانوں اور بیوروکریٹس نے اپنے رشتے داروں کے نام پر غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کو ظاہر کر کے سفید دھن بنایا جائے گا ۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ ایمنسٹی اسکیم کے مطابق کل رقم کا صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کر کے کالے دھن کو سفید بنایا جا سکتا ہے ۔ تاجروں نے 0.06 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس سے بچنے کے لئے رقم بنکوں سے نکال کر گھروں میں محفوظ کر لی تھی ۔ سٹیٹ بنک کے مطابق بنکوں سے 4 کھرب روپے لوگوں نے نکال لئے ہیں حکومت کی طرف سے تاجروں اور مال دار لوگوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے کے لئے ایمنسٹی اسکیم کا فیصلہ کیا ہے جو کہ یکم جنوری 2016 ء میں نافذ العمل ہو گا ۔

(جاری ہے)

اس ایمنسٹی اسکیم کے تحت کل مالیت کا صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرنے پر قانونی و غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی دولت کو جائز قرار دیا جائے گا اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ایمنسٹی اسکیم سے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کا غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کو رشتے داروں کے نام پر ظاہر کر دیں گے اور ایک فیصد ٹیکس ادا کرنے کے بعد رقم کو جائز بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے پاکستان کے عوام سے ناجائز طریقے سے حاصل کی جانے والی رقم کو قانونی سرٹیفیکیٹ مل جائے گا ۔

معاشی ماہرین کے مطابق گزشتہ تین ایمنسٹی اسکیم سے بھی حکومت فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور اس ایمنسٹی اسکیم سے بھی حکومت کو فائدہ کم ہو گا ۔ ان کے مطابق حکومت کی ایمنسٹی اسکیم سے کالے دھن کو سفید کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف مافیاؤں نے تیاری کر لی ہے ۔