چراغ تلے اندھیرا، وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے صوبائی حکومت کا پروٹوکول نہ دینے کا نوٹی فکیشن روند ڈالا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 دسمبر 2015 16:24

چراغ تلے اندھیرا،  وزیر اعلی خیبر پختونخواہ نے صوبائی حکومت کا پروٹوکول ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 28 دسمبر 2015 ء): خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے وی آئی پی پروٹوکول او ر وی آئی پی مومنٹ کے دوران سڑکیں بند نہ کرنے کے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کوخود وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے دوسرے ہی روز ہوا اُڑا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی کے پی کے پرویز خٹک چارسدہ میں سابق ضلعی ناظم ساجد خان مرحوم کی وفات پر فاتحہ خوانی کیلئے گئے تو ان کے ہمراہ 10 سے زائد گاڑیاں موجود تھیں۔

وزیر اعلیٰ کے راستے میں ٹریفک کو عام افراد کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ۔ وزیر اعلٰی پرویزخٹک کے پروٹوکول اور ان کیلئے ٹریفک کی بندش پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ وی آئی پی پروٹوکول بند کرنے کیلئے کے پی کے حکومت نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق وزیراعظم سمیت کسی بھی وی آئی پی کیلئے صوبے میں سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان شخصیات کو قانون کے مطابق سکیورٹی دی جائے گی لیکن کسی بھی سڑک کو بند نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کراچی میں وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے ایک بچی کی ہلاکت کے بعد عمران خان نے صوبائی حکومت کو صوبے میں وی آئی پیز کا پروٹوکول ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ اور واضح طور پر کہا تھا کہ اگر کے پی کے میں وزیر اعظم نواز شریف بھی آ گئے تو ان کے لیے بھی سڑکوں کو بند نہیں کیا جائے گا۔