نیشنل ایکشن پلان کو متنازع بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں،علی اکبر گجر

معترض سیاستدانوں کو قومی منصوبے کو تماشا اور ہدف تنقید بنانے کی بجائے اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں پر نظر دوڑانی چاہئے، رہنماء ن لیگ سندھ

پیر 28 دسمبر 2015 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو متنازع بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں۔ معترض سیاستدانوں کو قومی منصوبے کو تماشا اور ہدف تنقید بنانے کی بجائے اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں پر نظر دوڑانی چاہئے۔ نیشنل ایکشن پلان وقت کی آواز اور قومی سلامتی کا اہم ترین منصوبہ ہے جسے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور قومی اداروں نے اتفاق رائے سے تشکیل دیا اور منظور کیا تھا لیکن اب بعض سیاسی جماعتیں اسے اپنے مخصوص مفادات کے تحت سوالیہ نشان بنا کر ملک دشمنوں کے لئے سہولت کاری پیدا کر رہے ہیں جسے عوام اپنی بالغ نظری اور طاقت سے ناکام بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، قومی مفادات اور امن سب مفادات پر مقدم ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور ملک میں اور خاص طور پر کراچی میں امن قائم کرنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی اس لئے عوام یہ آپریشن مکمل قیام امن تک جاری رکھنے پر متفق ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور قائد جمہوریت میاں نواز شریف کا بھی قوم سے وعدہ ہے کہ جب تک ملک میں آخری دہشت گرد باقی ہے ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد جاری رہے گا۔

علی اکبر گجر نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کی طرف سے یہ تاثر اور الزام بے بنیاد ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی کارروائیاں کسی خاص علاقے اور کسی مخصوص سیاسی جماعت کے خالف ہیں۔ یہ تاثر بالکل غلط اور حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بدنام کرنے کی ایک چال ہے جسے چاروں صوبوں کے محب وطن عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور آپریشن ضرب عضب ہو کہ کراچی آپریشن جب تک نتیجہ پذیر نہیں ہو گا جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :