توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر ممکن سکیورٹی اور مراعات فراہم کرے گی‘پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی ترقی کی علامت ہے ،بن قاسم پاور پلانٹ منصوبے کی پیدوار 31 دسمبر 2017 ء تک شروع ہو جائے گی

وزیر اعظم نواز شریف کی بن قاسم پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر بات چیت

پیر 28 دسمبر 2015 21:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت ان منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہر ممکن سکیورٹی اور مراعات فراہم کرے گی، چین پاکستان کا اہم ترین دوست ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی ترقی کی علامت ہے ۔

بن قاسم پاور پلانٹ منصوبے کی پیدوار 31 دسمبر 2017 ء تک شروع ہو جائے گی،وہ پیر کو پورٹ قاسم میں موجود کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے بن قاسم پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے، اس دورے میں چینی انجینئرز نے وزیر اعظم کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ اس منصوبے پر تیز رفتاری سے جاری ہے، یہ منصوبہ عالمی معیار کا ہے، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے پر ڈیڑھ ارب ڈالر لاگت آئے گی اور 600،600 میگاواٹ کے دو پاور پلانٹس لگائے جا رہے ہیں،چینی انجینئرز نے بتایا کہ منصوبے اگست 2017 تک مکمل کر لیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اسی لیے اس منصوبے پر دن رات کام کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کو پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے سن وی ڈونگ نے بتایا کہ یہ منصوبہ عالمی معیار کا ہے اور منصوبے کی تکمیل کے لیے چین ہر ممکن تعاون کر رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر چینی انجینئرز سے سوال کیا کہ کیا آپ پاکستان میں سکیورٹی سے مطمئن ہیں ، جس پر چینی انجینئرز نے کہا کہ ہم سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں ۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے چینی انجینئرز کے کام کی تعریف کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور معاونت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ توانائی کے منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم کو پورٹ قاسم پر جاری مختلف زیر تکمیل منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پورٹ قاسم ملک کی بہت زیادہ مصروف اور آمدن والی بندرگاہ ہے ۔

یہاں کے صنعتی زون میں 250 صنعتیں ہیں ۔ پورٹ قاسم پر 8 آپریشنل ٹرمینل ہیں ۔ ایل این جی ٹرمینل 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے ۔ اس ٹرمینل سے ایل این جی کو گیس میں تبدیل کرکے پائپ لائن کے ذریعہ سپلائی کیا جائے گا، ایل این جی سے 3600 مگاواٹ بجلی حاصل کرنے کے منصوبو ں پر کام کرر ہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم پر مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔