سعودی کابینہ نے تیل کی قیمتوں میں50 فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی

Malik Usman ملک عثمان منگل 29 دسمبر 2015 10:59

سعودی کابینہ نے تیل کی قیمتوں میں50 فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔29 دسمبر۔2015ء) سعودی عرب کی کابینہ نے تیل کی مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں پچاس فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق منگل سے ہوگا۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں وزارتی کونسل کے اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس فیصلے سے بجلی ،پانی ،ڈیزل اور کیروسین کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔سعودی وزارتی کونسل کے فیصلے کے مطابق اعلیٰ درجے کے پیٹرول کی فی بیرل قیمت 0.60 ریال سے بڑھا کر 0.90 ریال (50 فی صد اضافہ) کردی گئی ہے۔لوئرگریڈ پیٹرول کی قیمت 0.45 سے بڑھا کر 0.75 کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں دوسرے خلیجی ممالک کے مقابلے میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔

سعودی وزارت خزانہ نے جامع اقتصادی اور مالی اصلاحات کے تحت تیل کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی- شاہ سلیمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے ایندھن ،بجلی اور پانی پر زرِتلافی سے متعلق نظرثانی کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر آئندہ5 سال کے دوران بتدریج توانائی،پانی اور بجلی کی قیمتوں میں نظرثانی پر غور کررہی ہے۔وزارت خزانہ نے بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے اخراجات اور تن خواہوں میں کمی کے علاوہ سرکاری قرضے کے انتظام کے لیے ایک یونٹ بھی قائم کیا ہے اور یہ یونٹ حکومتی قرضوں کے انتظام وانصرام کے لیے مالیاتی حکمت عملی وضع کرنے کا ذمے دار ہوگا۔